فاطمہ آفندی نے اپنے جسم کی نمائش سے کس کو انکار کیا؟

پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اپنی پہچان بنانے والی اداکارہ فاطمہ آفندی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں انڈین فلم انڈسٹری میں کام کرنے کی آفرز ہوتی رہیں لیکن اپنے جسم کی نمائش سے بچنے کے لیے انہوں نے ان تمام آفرز کو مسترد کر دیا۔ معروف ٹی وی ڈرامے ’’بیٹیاں‘‘ میں فضا کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ فاطمہ آفندی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بچپن میں چائلڈ ماڈل کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ پرائمری سکول کے دوران ببل اور ٹافیوں کے اشتہارات میں دکھائی دیتی تھیں۔ فاطمہ نے بتایا کہ وہ گزشتہ دو دہائیوں سے شوبز کا حصہ ہیں اور اب تک وہ تین درجن سے زائد ڈراموں اور ایک درجن ٹیلی فلموں میں کام کر چکی ہیں، حال ہی میں ان کا مقبول ڈراما ’بیٹیاں‘ شروع ہوا ہے، جسے کہانی کی وجہ سے کافی سراہا جا رہا ہے، ڈرامے کی کہانی پانچ بیٹیوں اور ان کے والد کے گرد گھومتی ہے جو اپنی بیٹیوں کی اچھی تعلیم سمیت ان کی اچھے گھرانوں میں شادی کے خواہشمند ہوتے ہیں۔

ڈرامے کی مقبولیت اور اپنے کردار کی تعریفیں کیے جانے کے حوالے سے فاطمہ آفندی نے بتایا کہ انہیں سوشل میڈیا پر یومیہ درجنوں ایسے پیغامات ملتے ہیں، جن میں ان کے کردار اور ڈرامے ’’بیٹیاں‘‘ کو سراہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرنے کے علاوہ فاطمہ آفندی نے شوبز کیریئر پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ بچپن میں وہ شرمیلی تھیں مگر والدہ نے ان میں اعتماد لانے کے لیے ان سے کم عمری میں ہی ماڈلنگ کروانا شروع کردی تھی، جس کے بعد ان میں نہ صرف اعتماد بحال ہوا بلکہ انہیں اداکاری کا بھی شوق ہوا۔انہوں نے اداکارہ بننے کا پورا کریڈٹ والدہ فوزیہ مشتاق کو دیا اور ساتھ ہی کہا کہ لیکن انہوں نے شوبز میں کام کرنے کے لیے خود ہی اپنی حدود کا تعین کر رکھا ہے۔

فاطمہ آفندی کے مطابق انہوں نے شوبز میں کام کرنے کے لیے اپنی حدود خود ہی متعین کر رکھی ہیں، ان کی حدود کا تعین خاندان یا کسی اور نے نہیں کیا، اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی حدود کے اندر رہ کر ہی ڈراموں میں کام کرتی ہیں اور وہ اس میں بہت خوش ہیں۔

ایک سوال پر اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ماضی میں انہیں بولی وڈ فلم ساز انیس بزمی کی جانب سے فلم میں کام کی پیش کش ہوئی تھی اور انہوں نے فون کر کے پوچھا تھا کہ وہ فلموں میں کام کیوں نہیں کرنا چاہتیں؟

فاطمہ نے فلم ساز کو بتایا کہ انہوں نے کام کے حوالے سے اپنی کچھ حدود بنا رکھی ہیں اور وہ ان ہی کے اندر کام کریں گی، اداکارہ نے بتایا کہ چوںکہ فلموں میں جسم دکھانا پڑتا ہے، اسی وجہ سے انہوں نے بالی ووڈ فلم میں کام کرنے سے انکار کیا، فلموں میں ایسے ویسے مناظر بھی شوٹ کروانا پڑتے ہیں جبکہ وہ ڈراموں میں بھی اپنی حدود کے اندر رہ کر کام کرتی ہیں۔

Back to top button