’’فرحان سعید کا بھارت کو فن و کھیل پر سیاست نہ کرنے کا مشورہ‘‘

معروف پاکستانی گلوکار فرحان سعید نے بھارتی میڈیا کو مشورہ دیا کہ وہ فن اور کھیل جیسے شعبوں کو سیاست سے دور رکھیں، کیونکہ اس سے عوام میں دوریاں جنم لیتی ہیں۔
فرحان سعید نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو ویڈیو لنک کے ذریعے انٹرویو دیا جس میں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے تعلقات اور شوبز سے جڑے مسائل پر کھل کر بات کی۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معیاری ڈرامے بنائے جاتے ہیں جن کو بھارت میں بھی پسند کیا جاتا ہے جبکہ بھارتی ڈرامے 450 قسطوں پر مشتمل ہوتے ہیں جن کا کوئی مطلب نہیں ہوتا، پاکستانی ڈرامے حقیقت پر مبنی ہوتے ہیں جن میں معاشرتی مسائل کو اُجاگر کیا جاتا ہے جبکہ بھارتی ڈرامے تصورات پر بنائے جاتے ہیں جن کا خود بھارتی عوام بھی مذاق بناتے ہیں۔
فرحان سعید کا کہنا تھا کہ انہیں کچھ عرصہ قبل بھارت میں ایک تقریب میں مدعو کیا گیا تھا جس میں شاہ رُخ خان، اکشے کمار بھی موجود تھے، اکشے نے فرحان سے ’’یہ جو ہلکا ہلکا سُرور ہے‘‘ گانے کی فرمائش کی جس پر شاہ رُخ خان نے ان کے برابر میں کھڑے ہو کر ڈانس کیا۔
بھارت میں گزرے اپنے دنوں کی یاد تازہ کرتے ہوئے فرحان سعید نے بتایا کہ جب وہ اپنے ’جل بینڈ‘ کے ساتھ بھارت میں کنسرٹ کر رہے تھے تو انہوں نے اسٹیج پر پاکستان کا مشہور نغمہ دل دل پاکستان گایا، انہیں یہ نغمہ گاتا دیکھ کر ان کی میوزک ٹیم پریشان ہوگئی تاہم فرحان نے ’دل دل پاکستان کے ساتھ جاں جاں ہندوستان‘ گا کر تماشائیوں کے دل جیت لیے تھے۔
فرحان سعید کا کہنا تھا دونوں ممالک کے درمیان خوف کی فضا ختم ہو جانی چاہئے تاکہ فن اور کھیل کے شعبے میں کوئی رکاوٹ نہ آئے، چاہے پاکستان میں بھارتی اور بھارت میں پاکستانی آرٹسٹ پر پابندی عائد ہو مگر انٹرنیٹ کی وجہ سے ہم گلوبل ویلیج بن چکے ہیں اور اب ہمارے ڈرامے بھارت میں جبکہ بھارتی گانے پاکستان میں خوب ٹرینڈ کرتے ہیں۔
