فوج مخالف ٹرینڈ چلانے والا پنجاب کابینہ میں کیسے آگیا؟

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے ساتھ خفیہ سازش کرتے ہوئے پکڑے جانے والے "ارسلان بیٹا” کو پنجاب حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کا سپیشل اسسٹنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید کی زد میں ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ وہی شخص ہے جو عمران کے اقتدار سے رخصتی کے بعد سے سوشل میڈیا پر آرمی چیف اور افواج پاکستان کے خلاف غداری کے ٹرینڈ چلواتا رہا ہے لہٰذا ایسے شخص کو دوبارہ کسی سرکاری عہدے سے نوازنا سراسر بدمعاشی اور غنڈہ گردی ہے۔
حکومت پنجاب کے ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ تعیناتی عمران خان کے براہ راست احکامات پر ہوئی جس میں بشریٰ بی بی کی خواہش بھی شامل تھی، ارسلان خالد وزیراعلیٰ پنجاب کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سپیشل اسسٹنٹ ہونگے لیکن وہ اپنے عہدے کا استعمال ماضی کی طرح عمران خان کی خواپش کے عین مطابق اداروں پر کیچڑ اُچھالنے کے لیے کریں گے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق ارسلان خالد کو 20 لاکھ روپے ماہانہ سے زائد تنخواہ، آلاونسز اور سرکاری مراعات بھی دیں جائیں گی۔
ارسلان خالد تحریک انصاف کے پاکستانی سیاسی کارکن ہیں، وہ اس وقت پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ارسلان عمران خان کے دور حکومت میں ڈیجیٹل میڈیا ترجمان کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور سے گریجویشن کیا ہے۔
یاد رہے کہ 9 اپریل کو عمران خان کی اقتدار سے رخصتی کے اگلے ہی روز ارسلان خالد کے گھر گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا تھا لیکن انہوں نے عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ میں پناہ لے لی تھی اور بچ گئے تھے۔
ارسلان خالد کا نام ایک مرتبہ پھر تب منظر عام پر آیا جب ان کی بشریٰ بی بی سے گفتگو کی آڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی۔ اس آڈیو میں بشریٰ بی بی ارسلان خالد کو "ارسلان بیٹا ” کہہ کر مخاطب کرتی رہیں اور مخالفین کے خلاف سوشل میڈیا پر غداری کے فتوے سے بھرپور مہم چلانے کی ہدایت کرتی رہیں۔
اس آڈیو میں بشریٰ بی بی کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’خان صاحب نے آپ کو کہا تھا غداری کا ہیش ٹیگ چلانا ہے۔۔۔ آج کل آپ لوگوں کو بہت ایکٹیو ہونا چاہئے۔ان سب کو غداری کے ساتھ لنک کرنا ہے اور کہنا ہے کہ یہ خود کو بچانے کے لیے غداروں کے ساتھ مل گئے ہیں۔ غدار باہر کی قوتیں بھی ہیں اور وہ سب آپ کو پتا ہے۔ ٹرینڈ بنا دینا ہے کہ ان کو بھی پتا ہے کہ ملک اور خان کے ساتھ غداری ہو رہی ہے۔ بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ فرح کے بارے میں انھوں نے بہت گند اُڑانا ہے۔ اسکو بھی آپ نے لنک کر دینا ہے اس بات سے کہ ہمیں پتا ہے غداری کون کر رہا ہے۔ دوسری طرف اس آڈیو میں ارسلان خالد کی آواز سنی جا سکتی ہے جو بشریٰ بی بی کی ہاں میں ہاں ملا رہے ہیں۔
خیال کیا جاتا ہے کہ افواج پاکستان اور آرمی چیف کے خلاف غداری کا ٹرینڈ بھی بشریٰ بی بی نے ارسلان خالد سے ہی بنوایا تھا اس لئے ان کی وزیراعلیٰ پنجاب کے اسپیشل اسسٹنٹ کے طور پر تعیناتی تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔

Back to top button