فیصل قریشی نے پاکستانی خواتین سے بریانی کی اپیل کیوں کی؟

معروف اداکار فیصل قریشی نے الیکشن کے دن مردوں کو مفت کی بریانی سے دور رکھنے کے لیے پاکستانی خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں ضرور بریانی بنائیں۔فیصل قریشی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں انتخابات کا ذکر کیے بغیر پاکستان بھر کی خواتین کو انتخابات کے دن بریانی پکانے کی گزارش کی تاکہ ان کے شوہر، بیٹے اور بھائی بریانی کی پلیٹ پر آنے والی نسلوں کو داؤ پر نہ لگائیں۔اداکار نے اپنی مختصر اسٹوری میں لکھا کہ وہ پاکستان بھر کی ماؤں اور بہنوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ آئندہ ماہ 8 فروری کو گھر میں بریانی ضرور پکائیں، انہوں نے مزید لکھا کہ بریانی اس لیے پکائیں تاکہ خواتین کے خاوند، بھائی اور بیٹے ایک بریانی کی پلیٹ پر قوم کا مستقبل داؤ پر نہ لگائیں۔ساتھ ہی انہوں نے خاموش پیغام کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا اگرچہ فیصل قریشی نے اپنی سٹوری میں انتخابات کا لفظ استعمال نہیں کیا، تاہم ان کا اشارہ الیکشن کی ہی طرف تھا، الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے اور عام طور پر پولنگ کے دن سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز میں بریانی کی تقسیم کی خبریں بھی آتی رہتی ہیں۔الیکشن کے موقع پر ووٹرز کے لیے مفت کھانے کا انتظام کیا جاتا ہے، اور جس جماعت کی جانب سے ووٹرز میں کھانا تقسیم کیا جاتا ہے پھر اسی جماعت کے لیے ووٹ کاسٹ کرنے کی اپیل بھی ہوتی ہے، اس لیے پاکستانی عوام کی اکثریت عام طور پر ایک پلیٹ بریانی کی خاطر اپنا قیمتی ووٹ فروخت کر دیتی ہے، جس سے منصفانہ الیکشن کا خواب ادھورہ ہی رہ جاتا ہے۔
