قرنطینہ کے دوران چھینک آتی تو خوفزدہ ہوجاتا تھا

معروف اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے گزشتہ ماہ امریکا سے واپسی پر خود کو 14 روز کےلیے قرنطینہ کرلیا تھا۔جس کے بعد سے ہمایوں سعید گزشتہ 25 روز سے سماجی فاصلہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کو ویڈیو کال کے ذریعے انٹرویو دیا اور اس سماجی تنہائی سے اپنی زندگی پر پڑنے والے اثر پر بات کی۔
ثمینہ پیزادہ نے سب کچھ واپس پہلے جیسا ہوجانے پر جب ہمایوں سعید سے ان کی رائے پوچھی تو اداکار کا کہنا تھا کہ اب میری عادات شاید تبدیل نہ ہوں، میں نے گزشتہ 25 دنوں میں کسی سے ہاتھ تک نہیں ملایا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں امریکا میں اپنے ڈرامے میرے پاس تم ہو، کےلیے رکھے گئے چند شوز کےلیے موجود تھا، جب ہم جارہے تھے تب کورونا اتنا پھیلا نہیں تھا، اس کے باوجود ہم ماسک، دستانے سب کچھ لے کر گئے، میں عدنان صدیقی اور حرا مانی کے ہمراہ امریکا گیا تھا‘۔ ہمایوں سعید کا مزید کہنا تھا کہ پہلے میں سمجھا تھا ہمارے شوز منسوخ ہوجائیں گے، کیوں کہ لوگ ہی نہیں آئیں گے تاہم لوگ آئے اور شوز بھی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ واپس آکر میں اور عدنان ایک ہوٹل میں رکے، ہم نے کورونا کے ٹیسٹ کروائے، میں ڈاکٹرز کو پریشان کرتا رہتا تھا کہ وہ مجھے ان ٹیسٹ کے نتائج کب بتائیں گے، مجھے ایسا بھی لگا کہ کہیں میرے ٹیسٹ کے غلط نتائج نہ آجائیں، میں اس وقت بےحد خوفزدہ تھا جب میرا کورونا کا ٹیسٹ ہوا۔
ہمایوں کے مطابق قرنطینہ کے دوران جب میں کھانستا یا مجھے چھینک آتی تو میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ میں اتنا خوفزدہ ہوجاؤں گا، اس وقت مجھے لگا کہ میں واقعی کورونا کا شکار ہوگیا ہوں، جب میں نے عدنان کو یہ بات بتائیں تو اس نے کہا مجھ سے دور رہو، شکر ہے مجھے کچھ ہوا نہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکا سے واپس آکر عدنان صدیقی کے ساتھ بہت زیادہ وقت گزارا اور ان کی دوستی اور بھی زیادہ گہری ہوگئی۔ ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ہم بالکل بھی بیزار نہیں ہوئے، ہم مزید دن اس ہوٹل میں ایک ساتھ رہ سکتے تھے، وہ مجھے اپنے والد کے بارے میں بتاتا رہتا تھا اور میں اپنے بچپن کی کہانیاں سناتا رہتا تھا۔
یاد رہے کہ ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے ’میرے پاس تم ہو‘ ڈرامے میں اکٹھے کام کیا۔ یہ ڈرامہ پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کا کامیاب ڈراما ثابت ہوا۔
اس ڈرامے کی کامیاب کے بعد ہمایوں سعید، حرا مانی اور عدنان صدیقی اس ڈرامے کی کامیابی پر رکھے شوز کا حصہ بننے امریکا گئے۔
