ماڈل زارا عابد کی پہلی فلم اس کی موت کے بعد ریلیز

22 مئی کو لاہور سے کراچی جانے والے پی آئی اے کے بد قسمت مسافر طیارے کے حادثے میں ماری جانے والی خوبرو ماڈل زارا عابد کی پہلی اور آخری مختصر فلم ‘سکہ’ یوٹیوب چینل "قصہ نگری” پر ریلیز کر دی گئی ۔10 منٹ کے دورانیہ پر مشتمل مختصر فلم ‘سکہ’ میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے صداکاری کی ہے جبکہ فلم کی کہانی دو خواتین کے ارد گرد گھومتی ہے جو ایک دوسرے سے بالکل مختلف زندگی گزار رہی ہیں۔ جن کی زندگیاں تو مختلف ہیں لیکن دونوں خواتین ایک جیسی خواہشات رکھتی ہیں۔ مختصر فلم میں زارا عابد دو کرداروں میں نظر آرہی ہیں جن میں سے ایک کردارایک ماڈرن اور سیلف انڈیپنڈنٹ خاتون کا ہے جبکہ دوسرا ایک عام گھریلو لڑکی کا کردار ہے جسے زارا عابد نے بخوبی نبھایا ہے۔
مختصر فلم میں ماڈل زارا نے ہی دونوں خواتین کا کردار ادا کیا ہے جبکہ اس مختصر فلم کی ہدایت کاری احمد صارم نے کی ہے۔ فلم میں کوئی ڈائیلاگ نہیں ہیں تاہم صبا قمر کی آواز میں فلم کی کہانی بیان کی گئی ہے اور زارا نے خوبصورت اداکاری کی ہے۔ فلم ’سکہ‘ کے آغاز میں زارا کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور فلم کی ٹیم کی جانب سے اُن کے لیے ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’زارا تمہارے لیے اور تمہارے کبھی نہ ختم ہونے والے پیار کے لیے، اپنی صلاحیتوں کو ہمارے ساتھ بانٹنے کا بہت شکریہ، یہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔ آپ کی روح کو سکون ملے۔‘‘
دوسری طرف فلم ‘سکہ’ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کار احمد صارم کا کہنا ہے کہ میں نے 2019 میں اس فلم کی کہانی تحریر کی تھی اس وقت میری عمر 16 برس کی تھی اور میں صحافت سے فلم سازی کی جانب کیریئر موڑنا چاہتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی تحریر کرنے کے بعد میں نے زارا سے رابطہ کیا۔ میں اس سے قبل انہیں نہیں جانتا تھا، لیکن انہوں نے اسکرپٹ پڑھ کر اس سارٹ سٹوری میں کام کرنے کا فیصلہ کیا، انھوں نے بتایا کہ زارا نے نہ صرف فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی بلکہ خود ہی فلم کی شوٹنگ کیلئے اپنے ملبوسات کا انتظام بھی کیا اور اسلام آباد سے کراچی اس فلم کی شوٹنگ کے لیے پہنچ گئیں‘۔
نوجوان ہدایت کار نے بتایا کہجس یوٹیوب چینل پر زارا کی مختصر فلم اپلوڈ کی گئی ہے اس کا نام قصہ نگری ہے اور اس پر اپ لوڈ کی جانے والی پہلی فلم ‘سکہ’ ہے۔ واضح رہے کہ زارا پاکستان فیشن انڈسٹری میں بطور ماڈل تیزی سے اپنا مقام بنا رہی تھیں اور رواں سال انہوں نے ہم اسٹائل ایوارڈز میں بہترین فی میل ماڈل کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔زارا نے شوبز انڈسٹری کے لگ بھگ تمام معروف ڈیزائنرز کے ساتھ کام کیا اور پنے کیرئیر کا آغاز ثنا سفیناز کے ساتھ کیا۔ وہ بہت جلد عظیم سجاد کی فلم "چوہدری” سے بڑی اسکرین پر بھی ڈیبیو کرنے والی تھیں۔
یاد رہے کہ کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 99 افراد سوار تھے جن میں سے 2 مسافر محمد زبیر اور ظفر مسعود معجزاتی طور پرحادثے میں بچ گئے تھے، جبکہ 97 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی تھی ماڈل زارا عابد بھی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں سے ایک تھیں۔ وہ عید منانے کے لیے لاہو ر سے کراچی اپنے گھر جا رہی تھیں۔
