متبادل وینیو پر کھیلنے کی نیوزی لینڈ کی درخواست مسترد

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کی جانب سے متبادل مقام پر کرکٹ سیریز کھلنے کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ دوبارہ کھیلنا چاہتے ہیں، ری شیڈول سیریز کیلئے مناسب ونڈو تلاش کر رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیوی بورڈ کو یہ تجویز ماننے سے انکار کر دیا ہے۔
ُاُدھر کیوی کپتان کین ولیمسن نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے عمل کو شرمناک قرار دے دیا، کہتے ہیں مجھے تفصیلات نہیں پتہ لیکن یہ اچانک ہوا،پاکستان میں کرکٹ کو بہت پسند اور سپورٹ کیا جاتا ہے، اندازہ ہے پاکستانیوں کو دورہ منسوخ کرنے سے خاصی مایوسی ہوئی ہو گی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کیساتھ حالیہ سیریز کو یکطرفہ طور پر منسوخ کر دیا تھا، کیوی ٹیم پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے 18 سال بعد آئی تھی اور ٹیم کی آمد سے قبل نیوزی لینڈ کی سکیورٹی ٹیم نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز راولپنڈی اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جانے تھے۔
پی سی بی کی جانب سے کیوی بورڈ کے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا تھا، چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ نے معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں لے جانے کا اعلان کیا تھا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ نے دورہ ختم کرنے کے یکطرفہ فیصلے کی غلط مثال قائم کی، فیصلے سے دونوں بورڈز کے تعلقات متاثر ہوں گے۔
