مخالفین کی چھٹی پر وزیر اعلیٰ کے پی کے خوشی سے نہال

26 جنوری کو خیبت پختونخواہ کی صوبائی کابینہ میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے خلاف بغاوت کرنے والے تین وزراء کی کابینہ سے چھٹی کے بعد وزیر اعلیٰ خوشی سے نہال ہیں۔
گزشتہ روز خیبرپختونخوا کی کابینہ سے 3 وزراء عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل احمد کو برطرف کردیا گیا تھا۔
صوبائی کابینہ سے فارغ ہونے والے اراکین میں صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی، سینئر وزیرکھیل، ثقافت اور سیاحت عاطف خان اور وزیر ریونیو اور اسٹیٹ شکیل احمد شامل ہیں۔ کابینہ سے وزراء کی چھٹی کے بعد وزیراعلیٰ محمود خان بھی خوشی سے نہال نظر آئے اور پشاور پریس کلب کی تقریب میں اس کا اظہار بھی کیا۔
پشاور پریس کلب کی حلف برداری تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ محمود خان انتہائی خوش گوار موڈ میں نظر آئے۔ اس دوران صحافی نے سوال کیا کہ آج فریش نظر آرہے ہیں،کل اتنا بڑا فیصلہ کیا ہے، کچھ بتائیں؟ اس سوال پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ اگر فریش نظر آرہا ہوں تو سمجھ جائیں۔
علاوہ ازیں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کابینہ میں مسئلہ پہلے دن سے چلا آرہا تھا اور کہا جارہا تھا کہ وزیراعلیٰ قبول نہیں جس پر وزیراعظم عمران خان بھی پریشان تھے۔ انہوں نے کہا کہ برطرف وزراء کے علاوہ 2 خواتین سمیت 6 ارکان صوبائی اسمبلی کو شوکاز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم مزید کسی وزیر کے خلاف کارروائی زیر غور نہیں۔
خیال رہے کہ 26 جنوری کے روز صوبائی وزیر اطلاعات نے الزام لگایا تھا کہ عاطف خان وزیراعلیٰ بننے کے لیے گروپنگ کر رہے تھے، 10 ارکان صوبائی اسمبلی ان کے ساتھ تھے، انہیں کئی مرتبہ گروپنگ سے منع کیا گیا، جب معاملہ نہیں سلجھا تو برطرف کرنا ہی آپشن تھا۔ شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ عاطف خان وزارت سیاحت میں بھی پرفارم نہیں کر رہے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button