’’میرا دل یہ پکارے‘‘ گرل عائشہ کا ایک اور گانے پر ڈانس

’’میرا دل یہ پکارے آجا‘‘ گانے پر پرفارم کر کے دنیا بھر میں شہرت سمیٹنے والی ٹک ٹاکر عائشہ، نجی ٹی وی ندا یاسر کے مارننگ شو میں پہنچ گئیں اور پنجابی گانے ’بتیاں بجھائی رکھدی‘ پر بھی ڈانس کر ڈالا۔
ندا کے شو کے بارے میں ایک تاثر یہ دیا جاتا ہے کہ جو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتا ہے اسے ندا یاسر فوراً اپنے شو پر بلا لیتی ہیں، عائشہ لاہور سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاکر اور انسٹا گرام سٹار ہیں۔ رواں ماہ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عائشہ کی شادی کی تقریب میں ڈانس کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ لتا منگیشکر کے گانے میرا دل یہ پکارے آجا کے ری مکس پر ڈانس کر رہی ہیں۔
ندا یاسر کے شو میں بھی عائشہ نے پنجابی گانے ’بتیاں بجھائی رکھدی‘ پر ڈانس کیا، عائشہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر فیشن، میوزک اور ڈانس کی تصاویر اور ویڈیوز اپلوڈ کرتی ہیں، عائشہ کی اس وائرل ویڈیو کو پاکستان سمیت انڈیا میں بھی بڑی تعداد میں دیکھا جا رہا ہے۔
ندا یاسر کے مارننگ شو میں عائشہ کو دیکھ کر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سوشل میڈیا صارفین بھی تبصرے کر رہے ہیں، صائمہ کہتی ہیں کہ ’یقین نہیں آ رہا کہ ندا یاسر نے اپنے شو میں میرا دل یہ پکارے آجا گانے پر وائرل ہونے والی لڑکی کو بلا لیا ہے، مطلب کوئی اور نہیں ملا تھا؟
عائشہ نامی ایک صارف لکھتی ہیں کہ ’ندا یاسر کبھی مایوس نہیں کرتیں، رِدا علی نے پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’دیکھ لیں، آج کل سب سے وائرل یہی چل رہی ہیں، آپ اسے برینڈ ایمبیسیڈر بنا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹک ٹاکر نے گلوکاری کے بعد اداکاری میں بھی قسمت آزماتے ہوئے اپنی نئی ٹک ٹاک ویڈیوز کو شیئر کیا جس میں انہوں نے اداکاری کی تاہم ان کی اس نئی ٹک ٹاک ویڈیوز کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین مایوسی کا شکار ہوگئے، پنجابی لب و لہجے میں اردو زبان کی ادائیگی اور چہرے کے تاثرات نے ان کا سحِر ختم کر دیا۔
سوشل میڈیا صارفین ان کی نئی ویڈیوز پر کمنٹس میں تبصرے کرتے ہوئے اداکاری کا خیال ترک کرنے کا مشورہ دیتے دکھائی دیئے جبکہ کچھ صارفین کے مطابق عائشہ ڈانس اچھا کرتی ہیں وہی کرنا چاہئے۔
