نادیہ جمیل اپنے گنجے سر سے لطف اندوز کیوں ہو رہی ہیں؟


کینسر کو کامیابی سے شکست دینے والی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے کہا ہے کہ اس وقت ان کا سب سے بڑا ٹاسک اپنی زندگی بچانا اور اپنی صحت کو بہتر بنانا ہے جو کینسر کے علاج کے دوران کیموتھراپی کی وجہ سے کافی خراب ہو چکی ہے۔ نادیہ کامزید کہنا ہے کہ اس بیماری کے دوران انہوں نے زندگی سے محبت کرنا سیکھا ہے اور ابھی وہ ترقی کی مذید منازل طے کرنا چاہتی ہیں۔
یاد رہے کہ نادیہ جمیل رواں برس اپریل میں بریسٹ کینسر کا شکار ہوگئی تھیں جس کے بعد انہوں نے لندن کے ایک معروف اسپتال میں علاج شروع کروایا تھا۔ اب صحت یاب ہونے کے بعد اب انہوں نے ایک طویل پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے کینسر میں مبتلا ہونے اور اسے شکست دینے کے بعد مثبت باتیں کی ہیں اور زندگی کا ہر لمحہ بھر پور طریوے سے جینے کی امید ظاہر کی ہے۔ انسٹاگرام پر جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے لکھا کہ الحمداللہ میرے سر کے بال آہستہ آہستہ واپس آرہے ہیں اور میں سوچ رہی ہوں کہ اب اپنے بال چھوٹے رکھوں گی کیوں کہ مجھے اپنا گنجا سر بہت پسند آیا ہے اور میں اس سے کچھ عرصہ مذید لطف اندوز ہونا چاہوں گی۔
نادیہ جمیل نے کہا کہ اپنے بارے میں اچھا محسوس کرنا بہت ضروری ہے لیکن میں اب بھی اپنی بیماری کے حوالے سے شک کا شکار ہوں لیکن ان کی شدت پہلے سے کافی کم ہے۔ نادیہ جمیل نے مزید لکھا کہ میری خود اعتمادی کا انحصار اس چیز پر بہت زیادہ ہے کہ میں اپنے لیے کیا کررہی ہوں اور کینسر کا شکار ہونے سے پہلے میں اس تصور سے نابلد تھی۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ میں یہ بھی دیکھ سکتی ہوں کہ اہنی زندگی میں مجھے کس کی ضرورت ہے اور کس کی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن میں ابھی اس بات بات کی مزید تفصیل میں نہیں جاؤں گی کہ وہ کون لوگ ہیں جنکی مجھے آئندہ زندگی میں ضرورت ہے اور وہ کون لوگ ہیں جنکی مجھے زندگی میں ضرورت نہیں ہے۔
نادیہ جمیل نے مزید لکھا کہ مجھے صرف مضبوط ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی میرا سب سے بڑا ٹاسک یہی ہے کہ میں اپنی زندگی بچاؤں اور صحت کو ٹھیک کروں۔ انہوں نے کہا کہ میں زندگی سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہوں، میں زندگی سے محبت کرنا چاہتی ہوں اور ترقی کی منازل طے کرنا چاہتی ہوں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ کوئی بھی چیز جو میری طرف آتی ہے میں اس سے اچھی طرح سے لطف اندوز ہوتی ہوں۔
نادیہ جمیل نے لکھا کہ زندگی ایک خوبصورت نعمت ہے، یہ پلک جھپکتے ختم ہوجاتی ہے اور ہم سب ابدی زندگی کی جانب گامزن ہوجاتے ہیں تو آئیں زندگی کے ہر منٹ سے لطف اٹھائیں۔
یاد رہے کہ نادیہ جمیل نے رواں برس اپریل کے آغاز میں تصدیق کی تھی کہ وہ بریسٹ کینسر کا شکار ہوگئی ہیں۔ کینسر کی تشخیص کے چند دن بعد ہی 7 اپریل کو اداکارہ کی پہلی سرجری کی گئی تھی جو خوش قسمتی سے کامیاب گئی تھی، جس کے بعد ان کے مزید علاج کےلیے کیموتھراپی کا آغاز کیا گیا تھا۔ کیموتھراپی کے دوران ہی نادیہ جمیل نے مئی میں اپنے سر کے بال منڈوا لیے تھے اور وہ پہلے دن سے مداحوں کو سوشل میڈیا پر اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتی رہی ہیں۔ گزشتہ چند مہینوں میں نادیہ جمیل نے چند پوسٹس میں مایوسی کی باتیں بھی کی تھیں اور اپنی طبیعت کافی ناساز ہونے اور خود کو تکلیف سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔ جون کے وسط میں نادیہ جمیل کی طبعیت کافی بگڑ گئی تھی اور ڈاکٹرز نے انہیں بتایا تھا کہ ان کے جسم میں کوئی وائرس موجود ہے، جس کی وجہ سے ان کا کرونا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا مگر خوش قسمتی سے ان کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔
جون کے وسط میں ہی ان کے دماغ کا اسکین بھی کیا گیا تھا اور کیموتھراپیز کی وجہ سے وہ کافی کمزور بھی پڑگئی تھیں اور بعدازاں انہوں نے اپنی صحت بہتر ہونے سے متعلق پوسٹیں کرنا شروع کی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button