نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطہ

منگل کے روز ملکی سیاست کے حوالے سے ایک ساتھ کئی بڑی سرگرمیاں ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ لندن میں موجود نواز شریف نے بذریعہ ٹیلی فون مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا۔
دونوں رہنماوں نے رابطے کے دوران خواجہ آصف کی گرفتاری اور پیپلز پارٹی کی جانب سے اسمبلیوں کا حصہ رہنے کے فیصلے سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم اتحاد کو لیڈ کرنے والے اور اسمبلیوں سے مستعفی ہو کر حکومت مخالف لانگ مارچ کرنے کے حامی مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف دونوں رہنماوں کو منگل کے روز سیاسی دھچکے لگے ہیں۔ ایک جانب جے یو آئی ف کا بڑا دھڑا جماعت سے الگ ہوگیا، تو دوسری جانب پی ڈی ایم میں شامل پیپلز پارٹی نے اسمبلیوں سے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا اور نواز شریف کی واپسی کی شرط عائد کر دی۔ خواجہ آصف کی گرفتاری کے حوالے سے نواز شریف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف کی گرفتاری سلیکٹرز اور سلیکٹڈ کے گٹھ جوڑ کا انتہائی قابل مذمت واقعہ ہے۔ ایسی بھونڈی حرکتوں سے حکومتی بوکھلاہٹ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ لیکن ان حرکتوں سے یہ اپنے انجام کو مزید قریب لا رہے ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ اندھے سیاسی انتقام کے دن گنے جا چکے ہیں۔
