نیوزی لینڈنےبھارت کوپہلےون ڈے میں شکست دےدی

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عبرت ناک شکست کے بعد ایک روزہ سیریز کے پہلے ہی میچ میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
ہیملٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے قائم مقام کپتان ٹام لیتھام نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم نے بڑا ہدف دیا جس کو کیوی باؤلر روکنے میں ناکام رہے۔ پرتھوی شا اور میانک اگروال نے اننگز کا آغاز کیا اور50 رنزکی شراکت مگر گرینڈ ہوم نے 20 رنز بنا کرکھیلنے والے پرتھوی کو آؤٹ کیا جس کے بعد میانک اگروال بھی پویلین لوٹ گئے جنہوں نے 32 رنز بنائے تھے۔
ویرات کوہلی نے حسب معمول ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتےہوئے نصف سنچری بنائی تاہم ٹم ساؤدھی نے انہیں بڑی اننگز کھیلنے سے روک دیا۔بھارتی کپتان جب 51 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 3 وکٹوں پر 156 رنز تھا جس کے بعد شریاس آئر اور کے ایل راہول نے طویل شراکت بنائی اور ٹیم کو ایک بڑے اسکور کی جانب گامزن کردیا۔
چوتھی وکٹ میں 136 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور بھارت کا اسکور 292 رنز تک پہنچ گیا، اس دوران آئر نے سنچری مکمل کی اور 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان میں 347 رنز بنائے، راہول 64 گیندوں پر 3 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 88 رنز اورجادیو نے آؤٹ ہوئے بغیر26 رنزبنائے۔ ٹم ساؤدھی نے 2، گرینڈ ہوم اور ایش سودھی نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔
میزبان ٹیم نے ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں 85 رنز کا شان دارآغاز کیا جس میں ہنری نیکولس کے 78 اور مارٹن گپٹل کے 32 رنز شامل تھے جبکہ دوسری وکٹ بلینڈیل کی صورت میں صرف 9 رنز کا اضافہ کرکے گری۔ نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بلے باز روس ٹیلر نے 84 گیندوں پر ناقابل شکست 109 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں بنیادی کردار ادا کیا تاہم کپتان ٹام لیتھام نے 48 گیندوں پر69 رنزبنا کر ان کا بھرپورساتھ دیا۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ ہدف 49 ویں اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹیں کھو کر حاصل کیا جس کے لیے ٹیلر109 اورسینٹنر 12 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ بھارت کی جانب سے یادیو نے 2، محمد شامی اور ٹھاکر نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے 3 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
روس ٹیلر کو شان دار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان دوسرا میچ 8 فروری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ بھارت نے نیوزی لینڈ کو 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 5-0 سے عبرت ناک شکست دی تھی تاہم سیریزمیں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button