وارث بیگ نے نواز شریف کو پسندیدہ شخصیت کیوں قرار دیا؟

پاکستانی گلوکار وارث بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے لیکن نواز شریف ان کی پسندیدہ شخصیت ہیں جس کی بڑی وجہ ان کا پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانا ہے۔وی نیوز سے ایک خصوصی انٹرویو میں وارث بیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ جب چاغی دھماکے ہوئے تھے تو میں پہلا گلوکار تھا جو اس وقت نواز شریف کے ساتھ موجود تھا۔ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اس ملک سے پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے اس ملک کے لیے بہت کچھ کیا، اس ملک کو نیوکلیر پاور بنایا۔ نواز شریف ایک محب وطن پاکستانی ہیں ’ایبسلیوٹلی ناٹ‘ میاں صاحب نے کہا تھا جب بل کلنٹن نے چار بار فون کر کے دھماکے کرنے سے روکا تھا لیکن نواز شریف نے ملک کی خاطر اس دباؤ کو نہیں دیکھا اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔وارث بیگ کا کہنا ہے’میں نے ایک ترانہ بھی میاں صاحب کی محبت میں تیار کیا ہے اور وہ ترانہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر میری پرفارمنس کے ساتھ گونجے گا۔ میرا ترانہ میاں نواز شریف کو بہت پسند آیا ہے، میں دبئی جاؤں گا اور خصوصی طیارے میں نواز شریف کے ساتھ آؤں گا، میاں صاحب نے مجھے دبئی بلایا ہے اور میں ان کے ساتھ واپس آؤں گا، طیارہ کہاں اترنا ہے، اس کا مجھے علم نہیں، اسلام آباد اترے گا یا لاہور، ہمیں ابھی اس بات کا علم نہیں ہے۔انھوں نے بتایا کہ میں جب زیر تعلیم تھا، اس وقت سے میری محبت نواز شریف کے ساتھ رہی ہے، مجھے اگر سیاست میں لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع ملا تو میں ضرور کروں گا لیکن میرا کسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔
