اداکارہ صبا حمید کے والد نے ان کی شادی کو مشکل کیوں بنا دیا؟

معروف اداکارہ صبا حمید نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد بہت آزاد خیال تھے، جس وجہ سے مجھے دیر بعد معلوم ہوا کہ کسی بات کے لیے شوہر سے اجازت بھی لینا ہوتی ہے۔اداکارہ صبا حمید نے حال ہی میں صحافی ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے شادی سے متعلق اپنے رائے، بچوں اور کیریئر سے متعلق تفصیلی گفتگو کی، اداکارہ کے مطابق میں خوش قسمت تھی کہ میں اپنے والدین کے ساتھ رہتی تھی، اس لیے جب میں کام پر جاتی تھی تو بچوں کو سنبھالنے کے لیے بہنیں اور والدین ہمیشہ موجود ہوتے تھے، یہ میرے والد حمید اختر کی پرورش ہے جنہوں نے مجھے ہمت دی، میرے والد بہت بڑے فیمینسٹ تھے، ان کے زمانے میں یہ اصطلاح شاید ٹھیک ہے یا نہیں لیکن وہ اپنی آخری سانس تک برابری کے حقوق پر بہت یقین رکھتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ’ہم چار بہنیں اور ایک بھائی ہیں، جب والدین زندہ تھے تو ہمیں کبھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ کسی ایک کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے اور کسی ایک کم اہمیت دی جا رہی ہے، اپنی مرضی سے گھر سے باہر جانے سے لے کر خود گاڑی چلانے تک میرے والد ہم تمام بہن بھائیوں کے ساتھ یکساں سلوک رکھتے تھے، اسی وجہ سے مجھے لگا کہ دنیا میں بھی ایسا ہی ہوتا ہوگا۔اداکارہ نے کہا کہ میری والدہ آزاد خیال خاتون تھیں، ان کی تھوڑی قدامت پسند سوچ ضرور تھی لیکن میرے والد انہیں آزاد رکھتے تھے، مثال کے طور پر امی کو اپنے بہن کے گھر جانا ہوتا تو والد کو صرف یہ کہتی تھیں کہ میں اسلام آباد جا رہی ہوں جس پر والد اخبار پڑھتے ہوئے کہتے ’اوکے‘، ہم نے اپنے گھر میں یہ ماحول دیکھا اور میں یہی سمجھی کہ پوری دنیا میں بھی ایسا ہوتا ہے۔میزبان ملیحہ رحمٰن نے صبا حمید سے شادی سے متعلق بھی سوال پوچھا، جس پر اداکارہ نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ’شادی مشکل ہے، چاہے کچھ بھی ہو، ہاں، لیکن شاید میرا کام کرنے کا طریقہ شادی کے لیے بہت کامیاب ماڈل نہیں ہے۔اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ ایک شریک حیات ہر وقت کام میں مصروف رہتا ہے، سفر کرتا ہے جبکہ دوسرا پارٹنر اپنے آپ کو نظر انداز محسوس کرتا ہے؟خیال رہے کہ صبا حمید کے والد لیجنڈری صحافی اور دانشور حمید اختر تھے جن کا کئی برس قبل انتقال ہوچکا ہے، اس کے علاوہ صبا حمید کی پہلی شادی سید پرویز شفیع سے ہوئی تھی جن سے ان کے دو بچے (گلوکار میشا شفیع اور فارس شفیع) ہیں، تاہم پہلے شوہر سے علیحدگی کے بعد انہوں نے اداکار وسیم عباس سے دوسری شادی کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا علی عباس ہے اور وہ بھی اداکار ہیں۔

Back to top button