واٹس ایپ میں اشیا کی خریداری کی سروسز متعارف

واٹس ایپ سے کمائی کرنے کے لیے فیس بک کافی عرصے سے مختلف ذرائع پر غور کررہی ہے مگر اب تک اس میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
اب فیس بک نے اپنے زیرملکیت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ اپلیکششن کے لیے ایپ کے اندر خریداری اور ہوسٹنگ سروسز شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، تاکہ اس کے ذریعے اپنی آمدنی کو بڑھا سکے۔ فیس بک نے 2014 میں واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالرز میں خریدا تھا مگر اب تک اسے اپنی کمائی کا ذریعہ بنا نہیں سکی مگر اب نئی سروسز کی فراہمی سے کاروباری ادارے واٹس ایپ کے اندر فیس بک شاپس کے ذریعے اپنی اشیا فروخت کرسکیں گے۔ یہ آن لائن اسٹور رواں سال مئی میں متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد فیس بک کی تمام ایپس میں شاپنگ کو مدغم کرنا تھا۔ اس کے علاوہ فیس بک کی جانب سے اب کلاؤڈ کمپیوٹنگ سیکٹر میں بھی قدم رکھا جارہا ہے اور اس کے میسجنگ ٹولز استعمال کرنے والے کمپنیوں کو اپنے پیغامات فیس بک سرورز میں محفوظ کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ واٹس ایپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر میٹ ایڈیما نے بتایا کہ شاپنگ ٹول کو رواں سال متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا جبکہ میسج ہوسٹنگ سروس 2021 میں دستیاب ہوگی۔ ہوسٹنگ سروس مفت فراہم کی جائے گی تاکہ ایسے نئے صارفین کو اپنی جانب کھینچا جاسکے جو اس کے انٹرپرائز ٹولزز کی ادائیگی کے لیے تیار ہو، جس میں فی میسج 5 سے 9 سینٹس لیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فیس بک سے موازنہ کیا جائے تو آج واٹس ایپ پر آمدنی معمولی ہے مگر ہمارے خیال میں موقع بہت بڑا ہے۔
فیس بک کی جانب سے ابھی واٹس ایپ بزنس ایپ استعمال کرنے والوں سے کوئی فیس نہیں لی جاتی مگر کچھ بزنس میجسز کے لیے ضرور فیس لی جاتی ہے، مثال کے طور پر جب کمپنیاں بورڈنگ پاس یا ای کامرس رسید کسی صارف کو بھیجتی ہیں تو کچھ فیس لی جاتی ہے۔
