وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل نو کردی

وزریراعظم عمران خان نے قومی و اسڑٹیجک فیصلوں کے اہم ترین فورم قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل نو کردی ہے۔ کمیٹی 12 ارکان پر مشتمل ہوگی جس کے چیئرمین وزیراعظم ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیردفاع پرویز خٹک، وزیرداخلہ اعجاز شاہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیرخزانہ حفیظ شیخ، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی نیشنل سکیورٹی ڈویژن معید یوسف اور سیکریٹری کابینہ ڈویژن بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی سلامتی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہےکہ اس سے قبل قومی سلامتی کمیٹی 11 ارکان پر مشتمل تھی جس میں اب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی ڈویژن کو شامل کیا گیا ہے۔
