ٹوئٹر کے فیچر ’اسپیس‘ میں صارفین کےلیے خاص کیا ہے؟

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر نے اپنے مزید صارفین کو آڈیو چیٹ رومز کی طرز پر متعارف کرائے گئے ’اسپیس‘ نامی فیچر تک رسائی مہیا کر دی ہے۔
ٹوئٹر کا نیا فیچر انڈسٹری کی عمومی پریکٹس کے مطابق محدود دائرے میں تیار، ٹیسٹ اور پھر بیٹا لانچ کے بجائے صارفین کے ساتھ مل کر تیار کیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں وسط دسمبر میں ٹوئٹر نے اعلان کیا تھا کہ اسپیس نامی فیچر اب لائیو ہے اور یہاں انسانی آوازوں سے متعلق جذبات کا تجربہ کیا جائے گا۔ اسپیسز کے متعلق بتائی گئی تفصیل میں واضح کیا گیا تھا کہ یہ ٹیکسٹ پیغامات میں اکثراوقات کھو جانے والے جذبات اور احساسات کو انسانی آوازوں کے ذریعے نمایاں کرکے صارفین کو زیادہ بہتر طریقے سے باہم مربوط کرے گا۔ ٹوئٹر نے اسپیس فیچر کو ’بہترین طریقے سے ترتیب دی گئی دعوت طعام‘ سے تشبیہہ دیتے ہوئے کہا تھا کھانے کی ایسی دعوتوں سے پوری طرح محظوظ ہونے کےلیے لازم نہیں کہ آپ سبھی شرکا سے واقف ہوں۔ ماضی میں یہ فیچر محدود صارفین کے گروپ کو مہیا کر کے انہیں موقع دیا گیا تھا کہ وہ اسپیس سیشن منعقد کریں اور دیگر (ان کے فالوورز یا فالو نہ کرنے والے دونوں) ان آڈیو چیٹ رومز کا حصہ بن سکیں۔ حالیہ اعلان میں ٹوئٹر نے اسپیس استعمال کر سکنے والے افراد کی تعداد بڑھاتے ہوئے مزید اینڈرائڈ اور آئی او ایس صارفین کو اس تک رسائی مہیا کی ہے۔ اس وقت اینڈرائڈ اور آئی او ایس پر موجود ٹوئٹر صارفین کی محدود تعداد اسپیسز کی میزبانی کر سکتی ہے، تاہم دونوں آپریٹنگ سسٹمز پر ٹوئٹر استعمال کرنے والے کسی بھی فرد کے اسپیس سیشن کا حصہ بن سکیں گے۔
اسپیس کا میزبان دو طریقوں سے اس فیچر کو استعمال کر سکتا ہے۔ اپنی ہوم ٹائم لائن پر رہتے ہوئے ٹوئٹر ایپ میں جمع کے نشان والے ’کمپوز‘ بٹن پر دبائے رکھیں، جن افراد کو اسپیس تک رسائی مہیا کی گئی ہے انہیں یہاں دیگر آپشنز کے ساتھ انتہائی بائیں جانب اسپیس کری ایٹ کرنے کا آپشن دکھائی دے گا۔ یا پھر اپنے فلیٹس کے آپشن میں پروفائل امیج پر کلک کریں، اسکرول کرکے بالکل دائیں جانیں چلے جائیں، جہاں دکھائی دینے والے اسپیسز کے آپشن پر کلک کریں۔ میزبان سمیت اسپیس سیکشن میں 11 افراد شامل ہو کر لائیو آڈیو کے ذریعے گفتگو کر سکیں گے۔ اسپیس کے شرکا کو ڈائریکٹ میسیجز (ڈی ایم) کے ذریعے لنک بھیج کر انوائٹ بھی کیا جا سکتا ہے، یا اسپیس کا لنک ٹویٹ کر کے یا کسی دوسرے پلیٹ فارم پر شیئر کرکے دوسروں کو مدعو کیا جا سکتا ہے۔ اسپیس کے میزبان کو یہ اختیار بھی ہو گا کہ وہ سیشن کے دوران کسے بولنے کی اجازت دیتے ہیں۔ جن لوگوں کو وہ فالو کرتے ہیں یا پھر جن لوگوں کو مدعو کیا گیا ہے وہ سبھی بول سکتے ہیں۔ اسپیس میں موجود سامعین بھی مائکروفون کے ساتھ دکھائی دینے والے ’ریکوئسٹ‘ کے بٹن پر کلک کرکے میزبان سے بولنے کی اجازت لے سکیں گے۔ اسپیس کری ایٹ کرتے وقت میزبان کا مائک آف ہوتا ہے، جب میزبان گفتگو کےلیے تیار ہو تو ’سٹار یور اسپیس‘ کے بٹن پر کلک کرکے اپنا مائک آن کر سکتا ہے۔ ’الاؤ مائک ایسس‘ کے آپشن پر کلک کرکے میزبان گفتگو کےلیے منتخب کیے گئے افراد کو بولنے کی اجازت دے سکتا ہے۔ اگر میزبان نے یا گفتگو کرنے والے نے کیپشنز آن کر رکھے ہوں تو سننے والے یہ اختیار رکھتے ہیں کہ وہ کیپشن کو آن یا آف کر سکیں۔ اس مقصد کےلیے انہیں ’ویو کیپشنز‘ کے بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔ اسپیس کے میزبان کے پاس یہ آپشن ہو گا کہ وہ اپنے سیشن کےلیے نام اور ڈسکرپشن شامل کر سکے۔ یہ تفصیل اسپیس سیشن کی فعالیت کے دوران کسی بھی وقت تبدیل کی جا سکے گی۔
