کرن کھیر کو کینسر: ’زندہ دل انسان کو یہ بیماری ہو سکتی ہے؟‘

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن کرن کھیر بلڈ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہوگئی ہیں۔
ان کے شوہر اور مشہور اداکار انوپم کھیر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مداحوں کو کرن کھیر کی بیماری کے حوالے سے آگاہ کیا۔ جمعرات کو انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ کرن میں بلڈ کینسر کی ایک قسم ملٹیپل مائیلوما کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی ان کا علاج چل رہا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر اس (بیماری) سے نکل آئیں گی۔ ہم شکر گزار ہیں کہ ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔ وہ ہمیشہ سے ہی ایک فائٹر رہی ہیں اور ہر چیز کا بہادری سے مقابلہ کرتی ہیں۔ انوپم کھیر نے مزید لکھا کہ وہ بہت رحمدل ہیں یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ ان سے پیار کرتے ہیں۔ لہٰذا اپنی دعاؤں میں ان کےلیے محبت کا اظہار کرتے رہیے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہتری کی جانب گامزن ہیں اور ہم تمام لوگوں کے پیار اور تعاون کے شکر گزار ہیں۔ انوپم کھیر کی اس پوسٹ پر بالی ووڈ کے فنکار اور سوشل میڈیا صارفین کرن کھیر کی جلد صحت یابی کی دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے لکھا کہ سر ہم ان کےلیے دعا کر رہے ہیں۔
اداکار سنیل شیٹھی نے لکھا کہ مضبوط، باہمت اور شاندار کرن کھیر کی جلد صحتیابی کےلیے دعائیں۔
ایک صارف یاتن کمار نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں لوک سبھا سے استعفیٰ دے دینا چاہیے اور چندی گڑھ کے لوگوں کی پریشانی لیے بغیر اپنا علاج کرانا چاہیے۔ انہیں اپنے آپ کو ترجیح دینی چاہیے۔ صحت سب سے پہلے ہے۔
شرت نامی صارف نے لکھا کہ میں یہ سن کر غمزدہ ہوں۔ میں ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔ ایسے زندہ دل انسان کو یہ بیماری کیسے ہو سکتی ہے؟ وہ فائٹر ہیں، خدا انہیں اس بیماری سے اچھے سے لڑنے کی ہمت دے۔
