پاکستان سمیت مختلف ممالک کی شہریوں کو عراق کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک نے اپنے شہریوں کو عراق کے سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں.
پاکستان کے دفتر خارجہ نے خطے میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں پاکستانی شہریوں کو عراق جانے کی منصوبہ بندی میں زیادہ سے زیادہ احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ کے حالات میں آنے والی تبدیلیوں اور سیکیورٹی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستانی شہری اس موقع پر عراق جانے کا ارادہ کرنے میں احتیاط کریں۔
In view of recent developments & prevailing security situation in the region, Pakistani nationals are advised to exercise maximum caution while planning visit to Iraq at this point.
Those already in Iraq are advised to remain in close contact with Pakistan Embassy in Baghdad.
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) January 8, 2020
دفتر خارجہ نے ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستانی شہری جو پہلے سے عراق میں موجود ہیں وہ بغداد میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں رہیں۔ علاوہ ازیں دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شہریوں کو عراق میں سفر سے احتیاط برتنے سے متعلق بیان کی تصدیق کی ہے۔
پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک نے بھی مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کو عراق چھوڑنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی ڈرون حملے میں ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران کی جانب سے بدھ کی رات ڈیڑھ بجے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر کیے گئے میزائل حملوں کے بعد سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔
عراق میں امریکی افواج پر ایران کے میزائل حملوں کے بعد بھارت نے سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو عراق کا ’غیر ضروری‘ سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ عراق میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں بھارتی شہریوں کو کسی دوسرے نوٹی فکیشن تک عراق کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے‘۔ بیان میں کہا گیا کہ ’ عراق میں موجود بھارتی شہری الرٹ رہیں اور عراق کے اندر سفر سے گریز کرسکتے ہیں‘۔اس میں مزید کہا گیا کہ بغداد میں بھارتی سفارت خانہ اور اربیل میں بھارتی قونصل خانہ فعال رہیں گے۔
Travel Advisory for Iraq
In view of the prevailing situation in Iraq, Indian nationals are advised to avoid all non-essential travel to Iraq until further notification. Indian nationals residing in Iraq are advised to be alert and may avoid travel within Iraq.1/2
— Randhir Jaiswal (@MEAIndia) January 8, 2020
امریکی خبررساں ادارے ’ اے پی ‘ کی رپورٹ کے مطابق فلپائن کی حکومت نے عراق میں موجود فلپائنی ملازمین کو لازمی طور پر باحفاظت نکالنے کا حکم دیا ہے۔
اس حوالے سے فلپائن کی کوسٹ گارڈ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے باعث وہ اپنے شہریوں کو باحفاظت نکالنے کے لیے مشرق وسطیٰ میں بحری جہاز بھیج رہے ہیں۔
فلپائن کے دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت نے عراق میں الرٹ جاری کردیا ہے جس کے تحت کشیدگی میں اضافے کی وجہ سے سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر فلپائنی شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ضرورت ہے۔ فلپائنی شہری خود سے یا فلپائنی حکومت کی مدد سے عراق سے جاسکتے ہیں۔
برطانیہ نے بھی قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد اپنے شہریوں کو عراق اور ایران کے سفر گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Foreign Secretary @DominicRaab has issued a statement about updates to travel advice for Iraq and Iran
— Foreign, Commonwealth & Development Office (@FCDOGovUK) January 4, 2020
اس حوالے سے سیکریٹری خارجہ ڈومینیک راب نے کہا کہ ’ خطے میں کشیدگی میں اضافے کی وجہ سے دفتر خارجہ شہریوں کو عراق کے کردستان کے حصے کے علاوہ دیگر علاقوں کا سفر نہ کرنے اور ایران کے سفر میں چاہے سفر کرنا ضروری ہی کیوں نہ ہو احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ’ ہم اس حوالے سے نظرِ ثانی کرتے رہیں گے‘۔
فرانس نے انتہائی تیزی سے سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنے شہریوں کو عراق اور ایران کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بیان کے مطابق فرانس کے دفتر خارجہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ محتاط ہوئے عارضی طور پر یہ ممالک نہ چھوڑیں بلکہ تجویز دی گئی ہے کہ وہ عراق اور ایران میں سفر کو محدود کریں۔
امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے کہا ہے کہ وہ امریکی طیاروں پر عراق، ایران، خلیج عمان اور سعودی عرب اور ایران کے درمیان موجود سمندر میں فضائی حدود میں جانے پر پابندی عائد ہوگی۔
ایف اے اے نے کہا کہ فضائی حدود کی پابندی ’ مشرق وسطیٰ میں فوجی سرگرمیوں اور سیاسی تناؤ میں اضافے کی وجہ سے لگائی گئی جو امریکی شہری ہوابازی کے لیے ایک غیر ارادی خطرہ ظاہر کررہا ہے‘۔
اس سے قبل عراق میں فضائی حملے میں قاسم سلیمانی اور عراقی ملیشیا کے کمانڈر ابو مہدی المہندس کی ہلاکت کے بعد بغداد میں امریکی سفارت خانے نے شہریوں کو فوری طور پر عراق چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب ملائیشیا کی ایئرلائنز ’ ایران کی فضائی حدود‘ کےاستعمال سے گریز کریں گی جبکہ تائیوان کی سب سے بڑی چائنہ ایئرلائنز خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عراق اور ایران کی فضائی حدود استعمال نہیں کرے گی۔ چائنہ ایئرلائنز نے ایک بیان میں کہا کہ وہ صورتحال کی نگرانی کرتے رہیں گے اور اس کے مطابق روٹس طےکریں گے۔ علاوہ ازیں ایمریٹس ایئرلائن اور فلائے دبئی نے بھی بغداد جانے والی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ فلائے دبئی نے کہا کہ ’ عراق کے شہروں بصرہ اور نجف کی پروازیں فعال رہیں گی، ہم متعقلہ حکام سے رابطے میں ہیں اور صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں‘۔
