پاکستان میں کرونا وائرس پھر زور پکڑنے لگا

پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہونے لگا جس کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے مختلف پابندیاں بھی عائد کردی گئی ہیں۔
ان پابندیوں میں 20 نومبر سے بند مقامات پر شادیوں کے انعقاد پر پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ ماسک نہ پہننے والوں کو 100 روپے جرمانہ کیا جائے گا اور 3 ماسک فراہم کیے جائیں گے۔ ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 43 ہزار 189 ہے جس میں سے 3 لاکھ 18ہزار 417 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 6 ہزار 968 ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میں ملک میں مزید 816 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 13 مریض دم توڑ گئے تاہم 519 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 17 ہزار 804 ہے۔ ملک میں کرونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد اسکولوں کی بندش سمیت بتدریج مختلف پابندیاں عائد کی گئی تھیں جس کا عروج پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا نفاذ تھا۔ تاہم معاشی توازن بگڑنے کے پیشِ نظر اپریل سے ہی مرحلہ وار کچھ معاشی شعبے کھولنے کا آغاز کردیا گیا تھا اور مئی میں رمضان المبارک اور عید الفطر کے پیش نظر بڑی حد تک معاشی سرگرمیاں بحال ہوگئی تھیں۔ پابندیوں میں نرمی کے باعث وائرس کے پھیلاؤ کے لیے سب سے خطرناک مہینہ جون ثابت ہوا تاہم جولائی سے ستمبر تک صورتحال بہتر ہوتی چلی گئی اور اکتوبر سے دوربارہ یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز میں معمولی اضافہ ہونا شروع ہوا جو نومبر میں مزید بڑھ گیا ہے۔ آج 8 نومبر کو ملک میں وبا کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کرونا کے 369 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 577 ہوگئی۔ صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 8 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2 ہزار 407 ہوگئی ہے۔ کرونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت میں وبا کے مزید 255 کیسز کی تصدیق ہوئی اس طرح شہر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 21 ہزار 557 ہوگئی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں وائرس سے مزید 2 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 238 ہوگئی ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 112 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مجموعی کیسز 40 ہزار 285 ہوگئے ہیں۔ تاہم مزید کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی اور صوبے میں کرونا کے باعث ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 1288 پر برقرار ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان میں وائرس نے مزید 14 افراد کو اپنا شکار بنایا جس سے مجموعی متاثرین 16 ہزار 41 ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب مزید ایک مریض کے انتقال کر جانے سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 154 ہوگئی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کرونا کے 109 کیسز کا اضافہ ہوا اور یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 703 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں وبا سے متاثرہ 2 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی تعداد 109 ہوگئی ہے۔ گلگت بلتستان میں وبا سے مزید 15 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 4 ہزار 358 ہوگئی۔ وادی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے باعث کسی کا انتقال نہیں ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 93 ہے۔ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 519 افراد شفایاب ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 417 ہوگئی۔
