پاکستان کھیلوں کےلیے پُر امن اور محفوظ ملک ہے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے نامزد کردہ سکیورٹی آفیشل کا کہنا ہے کہ پاکستان پُر امن ملک بن چکا ہے اور کرکٹ سمیت تمام انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلوں کےلیے انتہائی موزوں ہے۔جس کےلیے حکومت اور سکیورٹی اداروں نے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) ایڈیشن 5 کا پاکستان میں مکمل طور پر انعقاد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں کھولنے کی کوششوں میں معاون و مددگار ثابت ہوگا، دنیا بھر میں کھیلوں کے مقابلوں کےلیے سکیورٹی انتظامات کی جانچ اور منظوری دینے کی خدمات انجام دینے والے غیر ملکی سکیورٹی ادارے کے شاہد افسر نے ان خیالات کا اظہار پاکستان نیوی روشن خان، جہانگیرخان انٹرنیشنل اسکواش کمپلیکس میں غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
14 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے پی ایس اے کی جانب سے نامزد شاہد افسر نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورت حال میں تیزی کے ساتھ آنے والی بہتری میں بتدریج اضافہ ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس کے انعقاد کی راہیں کھولے گا، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو پاکستان کرکٹ کےلیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
پی ایس ایل 3 اور4کے دوران خدمات انجام دینے والے شاہد افسر نے کہا کہ 20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ کے 5 ویں سیزن کےلیے بھرپور سکیورٹی انتظامات پر ہم ہر طرح سے مطمئن ہیں، کراچی اور لاہور کی طرح راولپنڈی اور ملتان میں بھی مطلوبہ معیار کے سکیورٹی انتظامات کا اہتمام کیے جانے پر ہم نے آئی سی سی کو دونوں مراکز کی کلیئرنس دی ہے۔
شاہد افسر نے کہا کہ وہ اپنے ساتھی اہلکار کے ہمراہ پی ایس ایل5کے دوران اپنی ذمہ داری کے مطابق غیرملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز کےلیے سیکورٹی انتظامات پر گہری نظر رکھیں گے۔
