پرویز الہٰی کی شہباز شریف سے والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے مونس الہٰی کے ہمراہ شہباز شریف سے ملاقات کی جس کے دوران ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا، اس موقع پر مریم نواز بھی موجود تھیں۔
اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی مسلم لیگ ق کے وفد کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن پہنچے جہاں شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی، انہوں نےشہباز شریف سے والدہ کی وفات پر تعزیت کے دوران فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کی بلندی درجات کےلیے دعا بھی کی۔ اس موقع پر مریم نواز، حمزہ شہباز اور مونس الہٰی کے علاوہ شاہد خاقان عباسی، کامل علی آغا، رانا ثناءاللہ خان، احسن اقبال سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ دوسری جانب جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بھی وفد کے ہمراہ شہباز شریف سے ملاقات کی اور والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔
واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو 6 روزہ پیرول پر رہا کر رکھا ہے، ان کی والدہ شمیم بیگم 22 نومبر کو وفات پا گئی تھیں۔
