پیرول ختم ہونے پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا گیا

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیرول پر رہائی کی مدت ختم ہونے پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل پہنچایا گیا۔ جوڈیشل پولیس دونوں رہنماؤں کو لے کر کوٹ لکھپت جیل پہنچی۔ یاد رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو 27 نومبر سے پانچ روز کےلئے پیرول پر رہائی دی گئی تھی۔ پنجاب حکومت نے پاکستان پریزن رولز 1978ء کے سیکشن 545 بی کے تحت اپوزیشن رہنماوں کی رہائی کی اجازت دی تھی۔ دو روز قبل مسلم لیگ ن کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول کی مدت میں توسیع کےلیے درخواست دی تھی۔ یہ درخواست مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری عطا تارڑ کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ایک بڑی سیاسی جماعت کے صدر ہیں جب کہ حمزہ شہباز بھی پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں۔ ملک بھر سے لوگ شہباز شریف سے ان کی والدہ اورحمزہ شہباز سے ان کی دادی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کےلیے آنا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت بدھ کے روز ختم ہو رہی ہے۔ درخواست ہے اس میں مزید اضافہ کیا جائے۔ لیکن درخواست موصول ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے پیرول میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ لیکن بعد ازاں گزشتہ روز انہیں پیرول کی رہائی میں ایک دن کی توسیع دی گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button