پنجاب کے سرکاری محکمے 15 اپریل سے کھل جائیں گے

پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری محکمے 15 اپریل سے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
پنجاب کے سرکاری اداروں کو لاک ڈاؤن کے باعث 14 اپریل تک بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا تھا تاہم اب سرکاری محکمے 15 اپریل سے کھولنے کا حکم دیا گیا ہے۔اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ پنجاب سول سیکٹریٹ نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری محکمے سیکرٹریٹ میں محدود سٹاف کے ساتھ کام کریں گے۔صوبائی حکومت کے تمام سیکرٹریز کے دفاتر کھلیں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبے کے ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ بروز بدھ مورخہ 15 اپریل سے کھل جائیں گے۔ پنجاب سول سیکرٹریٹ سمیت تمام سرکاری محکموں میں چہل پہل کل سے شروع ہوگی۔ صوبائی حکومت نے سرکاری محکموں کی چھٹیاں ختم کر دی ہیں۔سرکاری ملازمین کو معمول کے مطابق آفس آنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مراسلے کے مطابق سول سیکرٹریٹ، محکمہ سکولز، محکمہ ہائیر ایجوکیشن اور محکمہ لیبر سمیت تمام سرکاری محکمے بدھ سے کھل جائیں گےدیگر دفاتر خودمختار ہیں ۔قبل ازیں ملک بھر میں مزید دو ہفتے کیلئے لاک ڈاؤن میں توسیع کرنے پر قومی رابطہ کمیٹی کا اتفاق ہو گیا۔قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لاک ڈاؤن کی تجویز کو زیر بحث لایا گیا جس کے بعد قومی رابطہ کمیٹی نے مزید دوہفتے تک لاک ڈاؤن میں توسیع دینے کی تجویز پر اتفاق کیا۔
۔
