کترینہ کیف اور وکی کوشل کو 80 کروڑ روپے کا نقصان


بالی ووڈ ڈول کہلانے والی کترینہ کیف اور ان کے شوہر وکی کوشل کو تب 80 کروڑ روپے کا جھٹکا لگ گیا جب ایمازون پرائم سٹریمنگ ویب سائٹ نے ان کی شادی کے براڈ کاسٹنگ حقوق خریدنے کا معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا۔ ایمازون پرائم نے اعتراض کیا کہ معاہدے کے تحت کترینہ اور وکی کی شادی کی کوئی بھی تصویر یا ویڈیو انکی ویب سائٹ کے علاوہ کسی اور کے ذریعے مارکیٹ نہیں کی جانی تھی لیکن ایسا نہیں ہو پایا اور اب دونوں کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو چکی ہیں، لہٰذا ایمازون پرائم کو یہ معاہدہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ دوسری جانب ایمازون پرائم کے انکار کے بعد اب کترینہ کیف نے اپنی شادی کی رسومات کی تصاویر اور ویڈیوز کو خود ہی سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کردیا ہے۔
یاد رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے 9 دسمبر کو بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع سوائی مدھوپور کے پرتعیش 700 سالہ تاریخی ’سکس سینس ریزورٹ‘ میں ہندو رسومات کے تحت شادی کی تھی۔ شادی سے قبل دو ماہ سے بھارتی میڈیا ان کی شادی کی خبریں دیتا آ رہا تھا مگر کترینہ کیف اور وکی کوشل نے تمام افواہوں پر ایک لفظ بھی نہیں بولا تھا۔
خبریں تھیں کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے شادی کے نشریاتی حقوق یعنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کو اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ایمازون پرائم‘ کو 80 کروڑ روپے میں فروخت کردیا ہے، جس وجہ سے وہ اپنی شادی سے متعلق کوئی بیان نہیں دے رہے۔ تاہم اب شادی ہوجانے کے بعد خود ہی دونوں شادی کی رسومات کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ خبریں ہیں کہ کترینہ کیف تب خود اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر مفت شیئر کرنے پر مجبور ہوئیں جب ایمازون پرائم اسٹریمنگ ویب سائٹ نے تصاویر اور ویڈیوز خریدنے سے انکار کیا۔
بھارتی شوبز ویب سائٹ ’فرسٹ پوسٹ‘ کے مطابق ایمازون پرائم کے ذرائع نے بتایا کہ اسٹریمنگ ویب سائٹ نے جوڑے سے شادی کی نشریاتی حقوق خریدنے سے انکار کر دیا ہے۔ رپورٹ میں ایمازون ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ دونوں کی شادی کی ویڈیوز و تصاویر لیک ہونے کے بعد اسٹریمنگ ویب سائٹ نے نشریاتی حقوق خریدنے سے معذرت کی۔
ایمازون پرائم ویب سائٹ کی جانب سے شادی کی تصاویر و ویڈیوز نہ خریدے جانے کے بعد ہی کترینہ کیف اور وکی کوشل نے اپنی تصاویر شیئر کیں۔ دونوں نے 9 دسمبر کو ہندو رسومات کے تحت شادی کرنے سے قبل 6 دسمبر کو اسپیشل میرج ایکٹ انڈیا 1954 کے تحت بھی کورٹ میرج کی تھی جو کہ دو مختلف مذاہب کے افراد کی شادی کو قانونی حیثیت فراہم کرتا ہے۔ 38 سالہ کترینہ کیف مسلمان ہیں جب کہ 33 سالہ وکی کوشل کا تعلق ہندو مذہب سے ہے اور بھارت میں دونوں مذاہب کے اداکاروں کی شادیاں کوئی نئی بات نہیں۔

Back to top button