کرونا وائرس: سعودی عرب کا ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ

سعودی عرب نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام عمرہ زائرین اور وزٹ ویزے پر آنے والوں کو 72 گھنٹوں میں سعودی عرب چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ پاکستان اور انڈیا سمیت کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے اقامہ رکھنے والے تارکین کو واپس آنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دے دی ہے
سعودی حکام کی جانب سے ملک کو لاک ڈاون کرنے کے فیصلے سے تمام ممالک اور ائیر لائنز کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
سعودی حکومت کے فیصلے کے تحت تمام عمرہ زائرین اور وزٹ ویزے پر آنے والوں کو 72 گھنٹوں میں سعودی عرب چھوڑنا ہو گا۔ سعودی اقامہ اور ریزیڈنسی رکھنے والے پاکستانیوں کو 72گھنٹوں میں سعودی عرب چھوڑنے یا واپس آنے کا آپشن دیا گیا ہے، اگر ملک کو ایک بار لاک ڈاؤن کر دیا گیا تو پھر کسی کو بھی جانے یا آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
سعودی عرب نے کورونا وائرس کے خدشے کے باعث پاکستان، انڈیا اور یورپی یونین کے بیشتر ممالک کے سفر پر عارضی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے ’سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان، انڈیا، یورپی یونین، سری لنکا، فلپائن، سوڈان، اریٹریا، کینیا، جبوتی اور صومالیہ جانے اور وہاں سے آنے والی پروازیں معطل کر دی گئی ہیں‘۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’گذشتہ 14 دن کے دوران مذکورہ ممالک میں قیام کرنے والوں پر بھی سعودی عرب میں داخلے پر پابندی ہے‘۔ وزارت نے کہا ہے کہ ’فیصلے سے ان ممالک میں رہائش پذیر شہریوں اور مذکورہ ممالک کے ان شہریوں کو واپس آنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دی جا رہی ہے جن کے پاس سعودی عرب کے اقامے ہیں‘۔ وزارت نے کہا ہے کہ ’فیصلے سے انڈیا اور فلپائن کے ان اقامہ ہولڈروں کو استثنی ہے جو صحت کے شعبے میں ملازمت کرتے ہیں‘۔ وزارت نے کہا ہے کہ ’پروازوں کی معطلی کا اطلاق شہریوں کے انخلا، تجارت اور کارگو پر نہیں ہوگا‘۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ اور وزارت صحت کے مابین مشترکہ طور پر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اس بارے میں لوگوں کو خبردار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت داخلہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پرزور دیا کہ درست معلومات کی فراہمی کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کیا جاسکتا ہے۔
سعودی حکومت کے اعلان کے مطابق پی آئی اے نے پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ ترجمان پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اضافی پروازوں سے پاکستانی شہریوں کو سفری سہولت فراہم کی جائے گی،
خیال رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر دیگر ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور چند روز قبل سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر مطاف کو بھی خالی کروا کر خانہ کعبہ میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button