کورونا وباء کی صورت حال میں ہمیں اپنے رویے تبدیل کرنا ہوں گے

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں 700 کے قریب علاقوں میں لاک ڈاؤن ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ کورونا وباء کی صورت حال میں ہمیں اپنے رویے تبدیل کرنا ہوں گے۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت ہفتہ وار بنیادوں پر 450 سے زائد اسپتالوں کو پرسنل پروٹیکٹو ایکوئپمنٹ (پی پی ای) فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب شکایات ہیں کہ پی پی ایز کا معیار اچھا نہیں یا فراہم نہیں کی گئیں، ہم نے اس کا جائزہ لیا ہے اور ایک مسئلہ یہ ہے کہ اسپتال، حکومت کی جانب سے دیے گئے وسائل تقسیم نہیں کررہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ دوسری وجہ وسائل کا غیر معقول استعمال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک اسپتال نے بتایا کہ انہیں پی پی ایز خاص طور پر این-95 ماسک وصول نہیں ہورہے جب میں اجلاس سے باہر آیا ت گارڈ نے این-95 ماسک پہنا ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتالوں میں چوکیدار این 95 ماسک استعمال کررہے تھے جب کہ ڈاکٹرز اسپتال کے اندر شور مچارہے تھے۔
