کپتان بابراعظم بطور نمبر ون بلے باز ورلڈ کپ کا آغاز کرینگے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم بطور نمبر ون بلے باز ورلڈکپ کا آغاز کریں گے، آئی سی سی نے میگا ایونٹ سے قبل ون ڈے ریکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق کپتان بابراعظم بیٹرز کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں۔بھارت کے شبمان گل کے ریٹنگ پوائنٹس 814 سے بڑھ کر 847 ہوگئے جبکہ بابراعظم کے ریٹنگ پوائنٹس 857 پر برقرار ہیں، پاکستان کے اوپننگ بیٹر امام الحق رینکنگ میں چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں، گزشتہ کئی ایک روزہ میچوں میں خراب کارکردگی دکھانے والے فخر زمان تنزلی کے بعد 10ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔آئی سی سی ایک روزہ میچوں کی باولنگ کی رینکنگ میں پاکستان کے شاہین آفریدی آٹھویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ حارث رؤف رینکنگ میں 22 ویں نمبر پر آگئے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صارفین نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے لیے مختلف تبصرے کیے، کسی نے ان کو کنگ قرار دیا تو کوئی ان کے کھیل کا معترف نظر آیا، ایک صارف کا بھارتی شائقین کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارتی شائقین کا خیال تھا کہ نمبر 1 بیٹنگ رینکنگ کو چھیننا اتنا آسان ہے، سپورٹس جرنلسٹ فرید خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگل میں ایک ہی شیر رہ سکتا ہے اور اس جنگل کا شیر بابر اعظم ہے۔ایک صارف نے تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ بابر اعظم کا نہ رکنے والا دور اب جاری رہے گا وہ ورلڈ کپ 2023 میں دنیا کے نمبر ون بلے باز کے طور پر کھیلیں گے، صارف کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کے اس لڑکے نے پاکستان کرکٹ میں حقیقی انقلاب برپا کیا ہے۔حنظلہ اعظم نے کہا کہ بابر اعظم 905 دن سے ٹاپ رینکنگ پر ہیں اور انہوں نے پاکستان میں تاریخ رقم کر دی ہے، واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کوئی بھی بیٹر پہلی بار نمبر ون کی حیثیت سے ورلڈ کپ کھیلے گا۔

Back to top button