کیا ماڈل مشک کلیم اپنے ہونے والے شوہر کو سب بتا دیں گی؟

نامور سپر ماڈل مشک کلیم نے اپنی شادی کا اعلان کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پوچھا ہے کہ کیا وہ اپنے ہونے والے شوہر کو سب کچھ بتا دیں؟ جواب میں شوبز دنیا سے تعلق رکھنے والے ان کے کئی ساتھی فنکاروں نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پہلے ہی سب کچھ پتہ ہے۔
مشک کلیم نے انسٹاگرام پر اپنی شادی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے نکاح کی تقریب 15 دسمبر کو ہو گی، رخصتی 17 کو اور ولیمہ 18 دسمبر کو ہوگا۔ مشک نے اپنی شادی کا دعوت نامہ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی کا اہم ترین دن محض چند روز کی دوری پر ہے اور ابھی سے اُلٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ایم اینڈ این زیڈ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا تاہم اداکارہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی شادی کہاں ہوگی؟
اس سے پہلے 24 نومبر کو اپنے شریک حیات کے ساتھ رومانوی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مشک نے اپنے مداحوں سے پوچھا تھا کہ کیا وہ انہیں سب کچھ بتا دیں؟ مشک کلیم کی جانب سے منگیتر کے ساتھ شیئر کی گئی پوسٹ پر کئی شوبز و فیشن کی اہم شخصیات نے کمنٹ کیے اور کہا کہ انہیں تو پہلے ہی ان کے بارے میں سب کچھ پتا ہے۔ یاد رہے کہ مشک کے شریک سفر کا نام نادر ضیا ہے۔ مشک نے انتہائی کم عمری میں 2009 سے ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا۔ انہیں ماڈلنگ کی دنیا میں ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔ اس وقت ان کی عمر 27 برس ہے۔
مشک کلیم نے سال 2020 میں لکس سٹائل ایوارڈز میں بہترین ماڈل کا ایوارڈ بھی جیتا تھا جبکہ اس سے قبل بھی وہ متعدد ایوارڈز اپنے نام کر چکی تھیں۔
مشک کا شمار ملک کی سپر ماڈلز میں ہوتا ہے اور وہ تقریبا تمام بڑے برانڈز کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔ لہکن وہ حیران کن طور پر فیشن اور میک اپ مصنوعات کے بجائے خوشبو دار موم بتی بنانے کا کاروبار کرتی ہیں اور ان کی موم بتی کا نام بھی مشک ہے۔ مشک کو زندگی میں صحت کے مسائل کا بھی سامنا رہا ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں ماڈل نے انسٹا گرام پوسٹ کے میں انکشاف کیا تھا کہ وہ 2019 میں 25 برس کی عمر میں ’ڈسمورفوبیا‘ اور ’انوریکسیا‘ کا شکار ہوئی تھیں۔ ’ڈسمورفوبیا‘ دراصل ایک ایسی ذہنی کیفیت کا نام ہے جس میں مبتلا ہونے والے شخص کو ہر وقت یہ خوف طاری رہتا ہے کہ وہ وزن بڑھ جانے کی وجہ سے بدصورت ہوجائے گا۔ ماڈل کی جانب سے یہ اعتراف بھی کیا گیا تھا کہ وہ ’انوریکسیا‘ کا شکار بھی رہی ہیں جو دراصل کھانے کی بدنظمی اور اپنے جسمانی خدوخال اور وزن سے متعلق پیدا ہونے والی تشویش پر مبنی ذہنی بیماری ہے۔
مشک نے بتایا تھا کہ وہ ایک سال تک وزن بڑھ جانے یا بدصورت ہونے کے خوف میں مبتلا رہیں تاہم بعد ازاں انہوں نے وزن بڑھ جانے کی پریشانی کو ذہن و دل سے نکال دیا اور خود کو پرسکون محسوس کرنے لگیں۔ مشک کی رنگت کچھ سانولی ہے چنانچہ 2019 میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی رنگت کی وجہ سے کپڑوں کے کچھ برانڈز کو ان سے مسئلہ ہو جاتا ہے۔ ماڈل نے انکشاف کیا کہ انکی رنگت کو کپڑوں کے اشتہارات میں فوٹو شاپ کے ذریعے سانولے سے گورا کیا جاتا ہے، مشک نے واضح کیا تھا کہ ان کی پہچان گوری نہیں بلکہ سانولی اور گندمی رنگت والی لڑکی کے طور پر ہے، لیکن انہیں اپنی رنگت پر فخر ہے اور وہ ماڈلنگ کے لیے رنگت گوری نہیں کر سکتیں۔
