بنگلہ دیش لیگ،ناقص پچز کے باعث ایک سنچری بھی نہ بن سکی

ناقص پچز نے بنگلہ دیشی لیگ کا مزہ کرکرا کردیا جب کہ غیرمتوازن باؤنس، سلو اور لو ٹریکس کی وجہ سے ایک سنچری بھی نہیں بن سکی۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا ان دنوں 10 واں ایڈیشن کھیلا جارہا ہے مگر اب تک وہ دیگر ممالک کی لیگز کے معیار تک نہیں پہنچ پائی، اس کی وجہ میچز کا ناقص پچز پر انعقاد ہے، جس کی وجہ سے شائقین بڑے اسکورز سے لطف اندوز ہی نہیں ہورہے، ابھی تک کوئی بھی بیٹر رواں ایڈیشن میں سنچری نہیں بنا سکا، نہ ہی کسی ٹیم نے 200 سے زائد کا ٹوٹل بنایا۔
سب سے بڑا اسکور چٹوگرام چیلنجرز کی جانب سے 4 وکٹ پر 193 تھا جو اس نے فورچیون باریشال کے خلاف بنایا، پہلی اننگز کا ایوریج اسکور 149 ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان دونوں نے ہی منتظمین کو کنڈیشنز کا معیار بہتر بنانے کا مشورہ دیا ہے، پاکستان سپر لیگ کیلیے واپسی سے قبل بابر نے رواں ایڈیشن میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ 209 رنز بنائے۔
