اداکار علی رحمٰن نئے ڈرامے میں کونسا روپ دھارنے والے ہیں؟

معروف اداکار علی رحمن اپنے نئے ڈرامے میں منفرد روپ دھار رہے ہیں، اداکار نئے ڈرامے ’’گرو‘‘ میں خواجہ سرا کے روپ میں ٹھمکے لگاتے دکھائی دیں گے، اس ڈرامے کے پوسٹر سمیت ٹیزر بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
پاکستانی اداکار علی رحمٰن خان پہلی مرتبہ اپنے نئے ڈرامے میں خواجہ سرا کے کردار میں دکھائی دیں گے، ڈرامہ ’گرو‘ پاکستان کے نجی ٹیلی ویژن چینل پر نشر کیا جائے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ڈرامہ ’گرو‘ کے جاری کیے جانے والے ٹیزر میں اداکار کو خواجہ سرا کے روپ میں شادی میں رقص کرتے اور بازار میں گھومتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹیزر دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی خواجہ سراؤں کے گرد گھومتی ہے، ڈرامہ میں مرکزی کردار علی رحمٰن خان ادا کر رہے ہیں جو پیسہ کمانے کی خاطر شادیوں میں رقص کرتے ہیں لیکن اپنی ذاتی زندگی میں خوش نہیں دکھائی دے رہے۔
ڈرامے کی پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے ڈرامے کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اپنے دوست علی رحمٰن خان کے کمفرٹ زون سے نکلنے اور چیلنجنگ کردار نبھانے پر بہت فخر ہے۔ڈرامے کی پروڈیوسر نے لکھا کہ بہت سے لوگ ایسا کردار نبھانے کے لیے دو بار سوچیں گے، انہوں نے لکھا کہ اداکار نے ایک نئے روپ کے ساتھ تمام رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے کردار نبھایا۔
ڈرامہ ’گرو‘ کی کہانی کے حوالے سے شازیہ وجاہت نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ خواجہ سرا کے بارے میں دلچسپ کہانی۔ اسے دیکھنے کے لیے ہر کوئی انتظار نہیں کر سکتا کیونکہ یہ ایک مشکل شوٹ رہا ہے اور تمام اداکاروں اور عملے کی پوری ٹیم نے محنت کی ہے۔اس ڈرامے کی کاسٹ میں علی رحمٰن خان کے علاوہ دیگر اداکاروں میں شہریار زیدی، زلے سرحدی، عمر عالم، حرا خان، اومی بٹ اور کوثر صدیقی شامل ہیں۔
وجاہت رؤف اور شازیہ وجاہت کا پروڈیوس کردہ ڈرامہ ’گرو‘ کے مصنف لکھاری ہیں جبکہ اس ڈرامے کے ہدایت کار بلاول حسین عباسی ہیں، ڈرامہ نجی ٹیلی ویژن چینل پر کب سے نشر کیا جائے گا، اس حوالے سے ابھی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
’گرو‘ میں مرکزی کی کردار کی دوہری شخصیت کو اُجاگر کیا گیا ہے کہ کس طرح تقاریب میں وہ خوشی اور مسرت کا اظہار کرتا ہے لیکن ذاتی زندگی میں وہ دُکھ اور کرب کے ساتھ رہتا ہے، ڈرامے میں زلے سرحدی، حرا خان اور عمر عالم بھی اہم کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔

Back to top button