گلوکار عدنان سمیع خان ایک برس بے وطن کیوں رہے؟

برسوں پہلے پاکستان چھوڑ کر بھارتی شہریت لینے والے گلوکار عدنان سمیع خان نے بتایا ہے کہ جب انہوں نے پاکستان سے بھارت پہنچ کر وہاں کی شہریت اپلائی کی تو وہ شدید مشکلات میں گھر گے اور ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کے پاس دونوں میں سے کسی بھی ملک کی شہریت نہیں تھی اور وہ ایک برس تک بے وطن رہے۔ عدنان سمیع خان نے کہا ہے کہ انکی زندگی اتنی ’مشکل‘ رہی ہے کہ اگر وہ بالی وڈ کے مصنفین کو اپنی کہانی سناتے تو وہ بھی کہتے کہ آپ نے قصے گھڑ رکھے ہیں۔
عدنان سمیع خان نے اپنے تازہ انٹرویو میں انڈین شہریت لینے کے لیے 18 سال پر محیط سفر کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ جن حالات سے گزرے عام لوگ انکے بارے میں آدھا بھی نہیں جانتے۔ عدنان سمیع خان کا کہنا تھا کہ ان کا انڈین شہریت حاصل کرنے کا سفر اتار چڑھاؤ اور کئی ناکامیوں سے بھرا پڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں دو مواقع پر مسترد کیا گیا اور وہ ایک سال سے زیادہ عرصہ ’بے وطن‘ رہے۔
عدنان سمیع کے بقول: ’لوگ سوچتے ہیں کہ پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارتی شہری بننا ضرور آسان ہو گا کیوں کہ میں ایک مشہور شخصیت ہوں۔ لیکن یہ آسان نہیں ہے۔ مسئلے کے آسان حل جیسی کوئی چیز نہیں تھی۔ آپ کو سب کچھ کرنا پڑتا ہے۔ بات صرف اتنی ہے کہ عوام کو راتوں رات پتہ چلا۔ ایک سہانی صبح آپ جاگیں اور آپ کو اخبار کے ذریعے پتہ چلے کہ آپ کو انڈین شہریت مل گئی۔ عدنان سمیع نے کہا کہ ’مجھے بھارت کی شہریت لینے میں 18 سال لگ گے لیکن میں جو بات یہاں کرنے کی کوشش کر رہا ہوں وہ یہ ہے کہ ان 18 برسوں کے دوران میں نے دنیا سے اس بارے میں کوئی بات نہیں کی۔ مجھے دو بار مسترد کیا گیا۔ مجھے اپنی اصل شہریت چھوڑنا پڑی لیکن بھارتی شہریت ملنے میں بھی دو دہائیاں لگ گئیں، اس دوران میں بے وطن رہا۔ ڈیڑھ سال تک میرا کسی ملک کے ساتھ تعلق نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ صرف ایک دستاویز ہوتی ہے لیکن میرا کسی ملک کے ساتھ تعلق نہیں تھا اور اس حالت میں، میں سفر نہیں کر سکتا تھا۔ میں کچھ نہیں کر سکتا تھا۔
یاد رہے کہ عدنان سمیع خان برطانیہ میں پیدا ہوئے تھے اور ان کے پاس پاکستانی شہریت تھی۔ وہ 2001 میں انڈیا منتقل ہو گئے جہاں انہیں 2016 میں شہریت مل گئی تھی۔ عدنان نے پہلی شادی معروف پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار کے ساتھ کی تھی جو کہ پاکستان کے سابق اٹارنی جنرل اور پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما یحییٰ بختیار مرحوم کی صاحبزادی ہیں۔ دونوں کا ایک بیٹا اذان خان بھی ہے جو خود بھی گلوکار بن چکا ہے اور اپنی والدہ کے ساتھ پاکستان میں مقیم ہے۔
عمران خان باؤنڈری پر کیسے کیچ آؤٹ ہو گئے
