افغانستان کا پاکستان سے سفارتی تعلقات سفیر کی سطح تک بڑھانے کےفیصلے کا خیرمقدم

نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈارکا افغانی وزیرخارجہ   امیر خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا  جس میں دونوں جانب سےسفارتی تعلقات کو سفیروں کی سطح تک بڑھانےکےفیصلوں کا خیر مقدم کیا گیا۔

دو روز قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان میں اپنے سفارتخانےکوسفیرکی سطح پراپ گریڈ کرنےکا اعلان کیا تھا جس کےجواب میں افغانستان نے بھی گزشتہ روز اسلام آباد میں تعینات اپنےناظم الامور کو سفیر کی سطح تک بڑھا دیا تھا۔

ترجمان دفترخارجہ کا بتانا ہےکہ آج وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا افغان ہم منصب امیرخان متقی سےٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں افغان وزیرخارجہ امیرخان نےپاکستان کی جانب سے سفارتی تعلقات سفیر کی سطح تک بڑھانے کےفیصلے کا خیرمقدم کیا۔

افغانستان  کاپاکستان میں ناظم الامور کو سفیر کا درجہ دینے کا اعلان

 

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ امیر خان متقی نے آگاہ کیا کہ افغانستان نے بھی اسی نوعیت کا قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا، انہوں نے اس پیشرفت کو دونوں ممالک کے تعلقات کےلیے مثبت اور خوش آئند قرار دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے 19 اپریل کی ملاقات میں طے پانےوالے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور باہمی اعتماد کےفروغ کےلیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس کےعلاوہ ٹیلیفونک رابطے میں علاقائی روابط کے لیے ازبکستان افغانستان پاکستان ریلوے منصوبےکی اہمیت پر زور دیا گیا اور ازبکستان افغانستان پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کے لیےفریم ورک معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

Back to top button