وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی اسمبلی تحلیل کرنے کی دھمکی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی،وہ بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کاکہنا تھاکہ وہ کسی بھی وقت اسمبلی توڑنے کا اختیار رکھتےہیں، جب کہ کابینہ نے بھی ان کے مؤقف کی مکمل حمایت کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ پر عمران خان سے مشاورت ہمارا سیاسی حق ہے، اس کے بغیر بجٹ منظوری ممکن نہیں۔

علی امین گنڈاپور نے دھمکی دی کہ وفاق نے اگر صوبے میں معاشی ایمرجنسی لگائی تو صوبائی اسمبلی توڑ دیں گے۔صوبائی کابینہ نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو تمام فیصلوں کا اختیار دیتےہوئے کہاکہ وفاق ’معاشی ایمرجنسی‘ کی آڑ میں کوئی سازش نہیں کرسکتا۔

علی امین گنڈاپور کاکہنا تھاکہ اگر بجٹ منظور نہیں ہوتا تو تمام سرکاری محکمے مفلوج ہوسکتے ہیں اور آئینی طور پر وفاق صوبےکا کنٹرول سنبھالنے کا اختیار رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت گرانے کی سازشیں کی جارہی ہیں لیکن وہ اس سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ نظام مزید نہیں چل سکتا اور نہ ہی ہم اسے چلنے دیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ کٹ موشنز پر ووٹنگ میں حصہ نہ لیں کیوں کہ اس سے بجٹ منظوری کا عمل شروع ہوسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ کاکہنا تھاکہ عمران خان کی منظوری کے بغیر کوئی اہم فیصلہ نہیں لیا جاسکتا اور ہم اس نظام کے خلاف تحریک بھی شروع کریں گے۔

Back to top button