شہری فلیٹ خریدنے سے قبل عمارت کی منظوری چیک کریں ، وزیر اعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ فلیٹ خریدنے سے پہلے یہ ضرور جانچ لیں کہ متعلقہ عمارت کو تمام قانونی منظوری حاصل ہے یا نہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے لیاری میں پیش آنے والے افسوسناک عمارت حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی دل دہلا دینے والا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش تھی کہ زیادہ سے زیادہ جانیں بچائی جا سکیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ عمارت کا ملبہ ہٹانے کا عمل آج مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور آئندہ اجلاس میں اس کی ابتدائی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آگرہ تاج میں گزشتہ شب خالی کرائی گئی آٹھ منزلہ عمارت چند سال قبل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کی منظوری کے بغیر تعمیر کی گئی تھی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اولڈ سٹی ایریا میں 400 سے زائد ایسی خستہ حال اور خطرناک عمارتیں موجود ہیں، جن کے مکینوں کے لیے متبادل رہائش فراہم کرنے پر غور جاری ہے۔

کراچی : منہمدہونے والی عمارت کا ریسکیو آپریشن تیسرے روز میں داخل، جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی

یوم عاشور سکیورٹی پلان:
وزیراعلیٰ سندھ نے یوم عاشور کے موقع پر سکیورٹی انتظامات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔

ان کے مطابق، صوبے بھر میں 17 ہزار سے زائد مجالس کا انعقاد کیا گیا، جن میں سے 1,400 سے زائد مجالس کو خصوصی سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یوم عاشور کے جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 50 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔

Back to top button