ممنوعہ فنڈکیس :ECPکے فیصلے کیخلاف PTIکی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نےممنوعہ فنڈکیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

وفاقی دارالحکومت کی عدالت عالیہ  کے تین رکنی لارجر بینچ نے ممنوعہ فنڈکیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل پر  سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دئیے کہ اگر پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو مطمئن کر دے فنڈز ممنوعہ نہیں تو کیا ہو گا؟ جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہمارے پاس اپنے فیصلے پر نظرثانی کا اختیار نہیں ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ تو پھر پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا مقصد کیا ہوا؟ آپ کے پاس فیصلہ بدلنے کا اختیار نہیں مگر نئے حقائق سامنے آجائیں تو؟ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو پتہ چل جائے فنڈز ممنوعہ نہیں تو فیصلہ تو بدلنا ہو گا۔

عدالتی کارروائی کے دوران جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ آج لگتا ہے الیکشن کمیشن کے وکیل نئی ہدایت لے کر آئے، آج انہیں بتایا گیا کہ عدالت کو کہیں ہم نے جو فیصلہ کر لیا اسی پر رہنا ہے، کیا مائی لارڈ جو کہہ رہے ہیں الیکشن کمیشن کا وہی فیصلہ ہے؟ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ جی ہم اپنے فیصلے پر نظرثانی نہیں کر سکتے ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پھر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فائدہ کیا ہوا؟ پھر توالیکشن کمیشن کیخلاف پی ٹی آئی کو ہم یہاں ہی سن لیتے ہیں۔

تین رکنی لارجر بینچ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

کراچی کی بہنیں کورین بینڈ سے ملنے گھر سے بھاگیں

Back to top button