فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران انتہائی نتیجہ خیز رہا : آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کا مختصر اور انتہائی نتیجہ خیز سرکاری دورہ مکمل ہوگیا۔ ایران کی اعلیٰ قیادت سے ہونےوالی ملاقاتوں میں خطے کی کشیدگی کے خاتمے کےلیے حتمی سمجھوتے کے حوالے سے حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ایران کے دورے کے دوران ان کی ایرانی قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں جو 8 اپریل کو جنگ بندی کے بعد خطے میں بدستور موجود کشیدگی کے پیش نظر تناؤ میں کمی لانےاور تعمیری مذاکرات کےلیے جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ تھیں۔
آئی ایس پی آر کےمطابق ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے سینئر سول اور عسکری حکام کے ہمراہ کیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی،فیلڈ مارشل نے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں ایران کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں،ملاقاتوں نے ثالثی کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی گہری بات چیت کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی طرف حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ ایرانی قیادت نے علاقائی مسائل کے پرامن حل میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا، ایرانی قیادت نے مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔
توقع ہے ایران جنگ کے خاتمے کےلیے معاہدہ قبول کرلے گا: مارکو روبیو
یاد رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کےلیے جاری کوششوں کے سلسلے میں گزشتہ روز ایران پہنچے تھے جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
