ماروی ڈرامے والی غزل صدیق کا شوبز میں واپسی کا ارادہ

پی ٹی وی کراچی سینٹر کی مشہور ڈرامہ سیریل ماروی میں مرکزی کردار ماروی سے راتوں رات شہرت پانے والی اداکارہ غزل صدیق بارہ برس کینیڈا میں گزارنے کے بعد پاکستان واپس آچکی ہیں اور شوبز دنیا میں واپسی کا سوچ رہی ہیں۔
بات مقبول ڈراموں کی ہو یا فنکاروں کی، پاکستان ٹیلی ویژن اس حوالے سے اپنی مثال آپ ہے، جس نے نہ صرف بڑے بڑے ہٹ ٹی وی ڈرامہ پروڈیوس کیے بلکہ ٹی وی سکرین پر بڑے بڑے نام بھی متعارف کروائے۔ ایسا ہی ایک ہٹ ڈرامہ ’’ماروی‘‘ بھی ہے جس نے اداکارہ غزل صدیق کو اس قدر منفرد پہچان دی کہ وہ آج بھی اسی ڈرامے کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔ ماضی کی مقبول اداکارہ غزل صدیق نے اعتراف کیا کہ انہیں لوگ ان کے اصل نام کے بجائے ’’ماروی‘‘ کے نام سے ہی پہچانتے ہیں اور اس کریڈٹ پروڈیوسر سلطانہ صدیقی کو جاتا ہے۔
خیال رہے غزل صدیق نے 1990 کے بعد اداکاری کا آغاز کیا تھا اور اردو ڈراموں سے قبل سندھی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، غزل صدیق نے اداکاری کے علاوہ اینکرنگ اور وائس اوور آرٹسٹ کے طور پر بھی کام کیا جبکہ اداکارہ نے تھیٹرز پلے میں بھی اپنے جوہر دکھائے۔
کیا ہمارے معاشرے میں بیوہ کی دوسری شادی جرم ہے؟
ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک سکرین سے غائب رہنے والی غزل صدیق حال ہی میں کینیڈا سے وطن واپسی پر سندھی چینل ’’ٹائم نیوز‘‘ کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں اداکار نے پہلی بار اپنے کیریئر پر کھل کر بات کی، غزل صدیق کے مطابق ان کے آباؤ اجداد کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ 9 بہن و بھائیوں میں سب سے کم عمر ہیں۔
ماضی کی مقبول اداکارہ کے مطابق کیریئر کے عروج پر شادی کرنے اور بعد ازاں ماں بننے کے بعد بیٹے کی بہتر پرورش اور تعلیم کے لیے پاکستان سے کینیڈا منتقل ہونے کا فیصلہ کیا اور وہ 2008 میں ہی پاکستان سے چلی گئی تھیں۔
غزل صدیق کا کہنا تھا کہ پاکستان سے 12 سال باہر رہنے کے بعد اب وہ وطن لوٹی ہیں اور اب وہ باقی زندگی یہیں گزاریں گی، انہوں نے کہا کہ وہ شوبز کی دنیا میں واپسی کا ارادہ رکھتی ہیں لیکن ابھی اس بارے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
