وفاق نےکے پی حکومت گرا دی تو سیاست چھوڑ دوں گا،گنڈاپور کاچیلنج

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورنے وفاق کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ آئینی طریقے سے خیبرپختونخواحکومت گراکردکھائیں میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

علی امین گنڈاپور نے ارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور دیگر قائدین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے  کہنا تھا کہ "ریاست ماں ہوتی ہے، مگر ہمیں فرعونیت دکھائی جا رہی ہے، اس لیے اب میں ریاست اور تمام اداروں کو کھلے عام چیلنج کرتا ہوں۔ تم نے سازش کی، ناکام رہے، غیر آئینی راستے اپنائے، مگر پھر بھی کچھ حاصل نہ کر پائے۔”

وزیراعلیٰ نے کہا کہ "ماضی میں تم مارشل لا اور گورنر راج لگا چکے ہو، اب میری حکومت گرا کر دکھاؤ۔ ہمارے کارکنوں کو جیلوں میں ڈالو، پوری طاقت لگا لو، خیبرپختونخوا کی حکومت کو آئینی طریقے سے نہیں گرا سکتے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ "ہماری صفوں میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ناکام رہے گی، کسی میں اتنی ہمت نہیں کہ عمران خان کے ساتھیوں کو توڑ سکے۔”

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ "آج کی میٹنگ اُن لوگوں کے لیے پیغام ہے جو سمجھتے ہیں کہ ہم بکھر چکے ہیں، ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہیں۔ میں 9 مئی سے پہلے گرفتار ہوا تھا، اور یہ سازش تب ہی شروع ہو چکی تھی۔”

وزیراعلیٰ گنڈا پور نے 26ویں آئینی ترمیم کو عدلیہ پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ جب تک دوبارہ اقتدار میں آ کر اسے واپس نہیں لیتے، عدلیہ قید میں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ "بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہمارا حق تھا، مگر مجھے اندازہ ہو گیا تھا کہ یہ ملاقات نہیں ہونے دی جائے گی۔”

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ "ہماری حکومت کا اصل اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے، وہ جب چاہیں اسے ختم کرنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں، مگر آئینی طریقے سے کوئی ہماری حکومت نہیں گرا سکتا۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا، ہم بات اُن سے کرنا چاہتے ہیں جن کے پاس اصل اختیار ہے۔ آج ملک ڈنڈے کے زور پر چلایا جا رہا ہے، سب کو معلوم ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی اصل حیثیت کیا ہے۔

Back to top button