ٹرمپ-پیوٹن مذاکرات ناکام ہوئے تو بھارت پر ٹیرف میں مزید اضافہ ہوگا ، امریکا

امریکا نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان متوقع مذاکرات ناکام ہوئے، تو بھارت پر مزید تجارتی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے واضح کیا ہے کہ بھارت پر پہلے سے نافذ 25 فیصد اضافی ٹیرف کے ساتھ ساتھ روس سے تیل کی خریداری کے باعث مزید 25 فیصد ٹیرف اگلے چند روز میں لاگو کیا جائے گا، جس کے بعد مجموعی ٹیرف 50 فیصد تک پہنچ جائے گا۔

اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ بھارت پر عائد مزید محصولات کا انحصار ٹرمپ اور پیوٹن کے مذاکرات کی کامیابی یا ناکامی پر ہوگا۔ اگر دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت مثبت نتائج نہ دے سکی، تو بھارت پر مجموعی تجارتی ٹیرف 50 فیصد سے بھی تجاوز کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اور صدر پیوٹن کے درمیان یہ اہم ملاقات جمعہ کو امریکی ریاست الاسکا میں متوقع ہے، جو کہ 2021 کے بعد کسی موجودہ امریکی اور روسی صدر کے مابین پہلی براہِ راست سربراہی ملاقات ہوگی۔ صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ الاسکا میں ہونے والی اس ملاقات کے فوری بعد وہ ایک اور میٹنگ کرنا چاہتے ہیں، جس میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی شمولیت کی بھی خواہش ظاہر کی گئی ہے، تاہم یہ ملاقات تمام فریقین کی رضامندی سے ہی ممکن ہو گی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!