یومِ آزادی: مسلح افواج کا شہداء، تحریک پاکستان کے رہنماؤں کو خراجِ عقیدت

پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر مسلح افواج نے پوری قوم کو مبارکباد دی۔ شہداء اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی، جبکہ نیول چیف اور ایئر چیف نے بھی قوم کو مبارکباد پیش کی۔ مسلح افواج نے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریک پاکستان کے بانی رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رہنماؤں کی قربانیوں نے آزادی کے خواب کو خودمختار پاکستان کی حقیقت میں بدل دیا، ان کا ویژن، حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، جو ہمیں پاکستان کے اصولوں اور نظریات کے تحفظ کی ترغیب دیتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ مسلح افواج اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، جبکہ سابق فوجیوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں، جنہوں نے عزم و بہادری سے آزادی، سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ مسلح افواج ہر خطرے کے خلاف مادرِ وطن کا دفاع اور آئین کی پاسداری کریں گی جبکہ عوام کی سونپی گئی مقدس ذمہ داری پوری دیانت داری سے نبھائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج امن، استحکام اور قومی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں مضمر ہے، یومِ آزادی پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں سے عہد کی تجدید کریں۔
ملک بھر میں 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا ہے کہ قومی یکجہتی، رواداری اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کیا جائے۔ مسلح افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔
