گڑ بڑ کی صورت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائےگا،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار  کاکہنا ہے کہ دوست ممالک کو بھی بتا دیا ہے کہ کسی بھی گڑ بڑ کی صورت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔

 نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کاسینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت نے ہمارے پانی کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کی تو اسے جنگ تصور کریں گے۔پانی 25 کروڑ عوام کی زندگی کا مسئلہ ہے جس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ہماری جانب سے پہل نہیں کی جائےگی، لیکن اب بھارت نے کچھ کیا تو منہ توڑ جواب دیں گے، ڈوزیئر تیار ہو رہا ہے جو دنیا کو پیش کیا جائےگا کہ بھارت کیسے پانی کو روک رہا ہے۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہاکہ بھارت ہر واقعے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتا ہے، اور پہلگام حملے کے بعد بھی ایسا ہی کیا گیا، حالانکہ ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔قومی سلامتی کے مسئلے پر سب نے سیاست کو ایک طرف رکھا، جو خوش آئند ہے، ایوان بالا سے قرارداد کا متفقہ طور پر پاس ہونا یکجہتی کا ثبوت ہے۔

اسحاق ڈارنے مزید کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کےحصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھےگا۔ ہم نے پہلگام واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات میں مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے دل کی گہرائیوں سے تمام سینیٹ کے اراکین کا شکریہ ادا کروں گا کہ ایک اتحاد کا مظاہرہ کیا گیا ہے، جس طرح نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں سول اور ملٹری قیادت نے ایک دفعہ پھر ایک پیج پر ہونے کا دنیا کو واضح پیغام دیا۔ اسی طرح فیڈریشن کی نمائندگی کرتا ہوا یہ ایوان، جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی موجود ہے، سینیٹ نے بھی بڑے واضح انداز میں دنیا کو پیغام دیا۔

سینیٹر اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے قرارداد کو حتمی شکل دینے میں تمام پارلیمانی جماعتوں بالخصوص قائد حزب اختلاف، وزیر قانون، شیری رحمٰن اور تمام ساتھیوں کا شکر گزار ہوں، ہم نے جو ڈرافٹ بنایا، اس پر ہم نے افہام و تفہیم کے ذریعے جامع پیغام بنا کر اسے اس ایوان میں پیش کیا، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

Back to top button