جو بائیڈن کی نو منتخب صدر ٹرمپ کو مبارک باد، وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی دعوت

امریکی صدر جو بائیڈن نے حالیہ صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر ری پبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں ملاقات کےلیے وائٹ ہاؤس آنےکی دعوت دے دی۔

وائٹ ہاؤس سے جاری ہونےوالے بیان میں کہا گیا ہےکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کرکے صدارتی انتخابات میں جیت پر مبارک باد دی۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کےمطابق جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک گفتگو کےدوران اقتدار کی منتقلی کو یقینی بنانےکا عہد کیا اور نو منتخب صدر کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈیموکریٹ امیدوار و نائب صدر کاملا ہیرس سے ملاقات کی اور ملک کو اکٹھا کرنے کےلیے کام کرنے پر زور دیا۔

وائٹ ہاؤس کےمطابق امریکی صدر جو بائیڈن آج قوم سے خطاب کریں گے۔

امریکی صدر نے 4 سال قبل وائٹ ہاؤس سے نکالےجانے والے شخص کو اوول آفس میں ملاقات کےلیے بلایا ہے تاکہ انہیں آفس کی چاپیاں دوبارہ دینےکی تیاری کی جاسکے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ نےکہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جو بائیڈن کے اقدام کو سراہا ہے اور وہ جلد ہونےوالی اس ملاقات کے منتظر ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ بائیڈن کے چیف آف اسٹاف نے صدارتی منتقلی کو منظم طریقے سے شروع کرنے کےلیے ٹرمپ کی ٹیم پر ضروری وفاقی معاہدوں پر دستخط کرنے پر زور دیا۔

رنگین مزاج ٹرمپ دوسری بار بھی ایک خاتون کو ہرا کر صدر کیسے بنے؟

امریکی نشریاتی ادارےکےمطابق ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار کاملا ہیرس نے اپنے حامیوں سے خطاب کےدوران ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں شکست تسلیم کرت ہوئے کہا ’ہمیں ان انتخابات کے نتائج کو قبول کرنا چاہیے‘۔

کاملا ہیرس نےکہا اگرچہ میں نے شکست تسلیم کرلی ہے لیکن یہ لڑائی جاری رہے گی اور میں آپ سب کی شگر گزار ہوں لیکن اس انتخابات کا نتیجہ وہ نہیں آیا جو ہم چاہتےتھے اور جس کےلیے ہم نے یہ لڑائی لڑی تاہم امریکا کے وعدوں کی روشنی ہمیشہ روشن رہے گی۔

دوسری جانب ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار کاملا ہیرس نے صدارتی انتخاب میں کامیابی پر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کرکے مبارک باد دی۔

واضح رہےکہ ڈونلڈ ٹرمپ 5 نومبر کو ہونےوالے امریکا کے صدارتی انتخابات میں 295 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے ملک کے 47 ویں صدر منتخب ہو گئے جب کہ ان کے مد مقابل ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار کاملا ہیرس 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار امریکی صدر منتخب ہوئےہیں،وہ پہلی بار 2016 میں انتخابات جیتےتھے تاہم 2020 کے انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے انہیں شکست دی تھی۔

Back to top button