این اے 77 گوجرانوالہ اور پی پی 203 چیچہ وطنی میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ شروع
قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی خالی نشستوں پر انتخابی عمل جاری، دونوں حلقوں میں پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

گوجرانوالہ: پنجاب کے دو انتخابی حلقوں این اے 77 گوجرانوالہ اور پی پی 203 چیچہ وطنی میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ میں مجموعی طور پر 333 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 142 مردانہ، 137 زنانہ اور 54 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ اس حلقے میں مجموعی طور پر 963 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جن میں 536 مردانہ اور 427 زنانہ بوتھ شامل ہیں۔
حکام کے مطابق حلقے میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ انتخابی میدان میں 11 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے محمود بشیر ورک کے صاحبزادے راشد بشیر ورک امیدوار ہیں۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
2024 کے عام انتخابات میں محمود بشیر ورک نے ایک لاکھ 9 ہزار 704 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ راشدہ طارق 91 ہزار 825 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔ دونوں امیدواروں کے درمیان ووٹوں کا فرق 17 ہزار 879 تھا۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی میں بھی ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، جہاں 2 لاکھ 58 ہزار 122 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
اس نشست پر مسلم لیگ (ن) نے چودھری اسد حنیف جٹ کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ یہ نشست رکن پنجاب اسمبلی چودھری محمد حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
