ماہرہ خان کا تین برس بعد ٹی وی سکرین پر واپسی کا اعلان

فلمی دنیا کی چقا چوند میں خود کو منوانے کے بعد اداکارہ ماہرہ خان نے ایک مرتبہ پھر ڈرامہ انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے، اداکارہ تین برس بعد ایک مرتبہ پھر ٹی وی سکرین پر جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔
اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ وہ ٹی وی ڈرامے رضیہ کے ساتھ چھوٹی اسکرین پر واپس آ رہی ہیں، اداکارہ نے آخری ٹی وی سیریل 2021 میں کیا تھا اور اس کا نام ’’ہم کہاں کے سچے تھے‘‘ تھا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر مداحوں کو سرپرائز دیتے ہوئے اپنے کردار کی تصویر شیئر کی اور بتایا کہ رضیہ بہت جلد ٹی وی پر آ رہی ہے، تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک امیوزمنٹ پارک میں کرسی پر بیٹھی ہیں اور ان کے بالوں میں ایک رنگین پراندہ لگا ہوا ہے، پروجیکٹ کا آغاز جون میں ہوگا لیکن کاسٹ اور ریلیز کی تاریخ کے متعلق کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ اب تک درجنوں، ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، اداکارہ نے کیرئیر کا آغاز ٹیلی ویژن پر ایک میوزیکل چینل سے کیا۔ اداکارہ کے مطابق تھوڑے عرصے بعد ایک روز شعیب منصور کا میسج آیا کہ فری ہو کر مجھے کال کرو۔ یہ میسج دیکھ کر مجھے بہت خوش گوار حیرت ہوئی، لیکن دل میں بے پناہ خوشی ہوئی کہ یقینا شعیب منصور نے فلم میں کام کرنے کے لیے میسج کیا ہے۔ میں نے ان کو کال کی تو انہوں نے اپنی فلم ’’بول‘‘ میں کام کرنے کی پیش کش کی۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ میں نے انہیں جواب دیا کہ اس سلسلے میں سب سے پہلے امی ابو سے اجازت لینی ہوگی اور ساتھ میں ایک مشکل اور بھی ہے۔ مجھے ابھی بے بی ہوا ہے، وہ ابھی صرف ایک ماہ کا ہے اور میری گود میں ہے۔ ایسے میں فلم میں کام کرنا کیسے ممکن ہوگا۔
شعیب صاحب کا جواب تھا! ماہرہ ہمارے یہاں تو ٹیلی ویژن ڈراموں کے سیٹ پر بھی بچے پیدا ہوتے رہے ہیں۔ انہوں نے مجھے بشریٰ انصاری اور دیگر فن کاروں کی مثالیں دیں۔ بعدازاں میں اپنے امی ابو اور بچے کو لے کر فلم میں کام کرنے کے لیے لاہور چلی گئی۔ فلم میں کام کرنے کا معاوضہ ٹوکن منی تھی۔ انورصاحب!! آپ میرے لیے کوئی ڈراما لکھیں، تو بہت خوشی ہوگی۔
