آزاد کشمیر انتخابات،الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق جاری کردیا

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2026 کے لیے سیاسی جماعتوں، امیدواروں، الیکشن ایجنٹس اور کارکنوں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سےانتخابی عمل میں شفافیت، امن و امان اور عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں، امیدواران اور الیکشن ایجنٹس آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین 1974ء اور انتخابی قوانین میں دیے گئے عوامی حقوق اور آزادیوں کا احترام یقینی بنائیں گے۔
ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت، امیدوار یا الیکشن ایجنٹ ایسا بیان یا عمل نہیں کرے گا جو ریاست جموں و کشمیر کی مسلمہ حیثیت، سالمیت، سلامتی، اخلاقیات یا امن عامہ کے خلاف ہو، یا جس سے آزاد کشمیر و پاکستان کی عدلیہ کی آزادی و خودمختاری متاثر ہو یا عدلیہ اور افواج پاکستان کی شہرت کو نقصان پہنچے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ سیاسی جماعتیں اور امیدوار انتخابی قوانین، کمیشن کی ہدایات اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کریں گے، جبکہ الیکشن کمیشن یا اس کے چیئرمین اور اراکین کی تضحیک سے بھی گریز کیا جائے گا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدواران، الیکشن ایجنٹس اور ان کے حمایتی کسی بھی شخص کو انتخابات میں حصہ لینے یا دستبردار ہونے کے لیے تحائف، لالچ یا رشوت نہیں دے سکیں گے۔ ایسی خلاف ورزی کو انتخابی بدعنوانی تصور کیا جائے گا۔
سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خواتین اور مرد کارکنوں کو انتخابی عمل میں شرکت کے لیے مساوی مواقع فراہم کریں، جبکہ کسی بھی ایسے معاہدے یا اقدام سے گریز کیا جائے جس کا مقصد خواتین، مردوں یا خواجہ سراؤں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے یا ووٹ کے حق سے محروم کرنا ہو۔
