شرمیلا کی شکایت پر نادیہ خان کی محتسب کے دفتر طلبی

پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی اور اداکارہ اور ٹی میزبان نادیہ خان کے مابین اداکارہ صبور علی کی شادی کے موقع پر شرمیلا کی والدہ کی ویڈیو بنانے کا معاملہ بڑھتے ہوئے اب وفاقی محتسب برائے ہراسیت کے دفتر تک جا پہنچا ہے جس کے بعد کشمالہ طارق نے نادیہ خان کو طلب کرلیا ہے۔
شرمیلا فاروقی کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے وفاقی محتسب کے آرڈر کی کاپی کے مطابق نادیہ خان کو رکن سندھ اسمبلی کی والدہ کے ہمراہ گزشتہ ماہ نامناسب انداز میں ویڈیو بنانے پر طلب کیا گیا۔ وفاقی محتسب نے نادیہ خان کو 4 فروری کو طلب کر لیا ہے جب کہ ساتھ ہی انہیں اس معاملے مزید کوئی بیان بازی کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ شرمیلا کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کردہ وفاقی محتسب کے نوٹس کے مطابق نادیہ خان رکن سندھ اسمبلی کی والدہ کے ہمراہ بنائی گئی ویڈیو کے معاملے پر فیصلہ آنے تک کوئی بات نہیں کر سکتیں۔
علاوہ ازیں شرمیلا فاروقی نے یہ بھی واضح کردیا کہ وہ نادیہ خان کی جانب سے ہتک عزت کی مد میں ملنے والی رقم کو کراچی کے لیڈی ڈفرن ہسپتال میں بطور فنڈز جمع کرائیں گی۔ اس سے قبل 29 جنوری کو شرمیلا فارقی نے نادیہ خان کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔ رکن سندھ اسمبلی کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں نادیہ خان کو 15 دن میں اپنے جملے واپس لینے اور معذرت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، ساتھ ساتھ تلافی کے لیے 5 کروڑ روپے ادا کرنے کا بھی کہا گیا تھا۔
سرفراز احمد کی سلمان بٹ پر تنقید، ملک بیچنے کا الزام لگادیا
اس سے قبل شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے میں شکایت بھی درج کروائی تھی۔ یاد رہے کہ نادیہ خان نے کچھ دن قبل شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ہمراہ اداکارہ صبور علی کی شادی کی تقریب میں ایک ویڈیو بنائی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں نادیہ خان کو شرمیلا فاروقی کی عمر رسیدہ لیکن میک اپ سے لدی ہوئی والدہ سے انکے لباس، زیورات اور میک اپ بارے سوالات کرتے دیکھا جا سکتا ہے مگر میزبان کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا، جس وجہ سے ان پر خوب تنقید بھی کی گئی اور شرمیلا فاروقی برہم بھی ہوگئیں۔ ان کا موقف ہے کہ نادیہ خان نے ان کی والدہ کا مذاق اڑانے کی کوشش کی ہے۔
شرمیلا فاروقی کی جانب سے کارروائی کیے جانے اور پانچ کروڑ روپے کا نوٹس بھجوانے کے بعد نادیہ خان نے بھی رکن سندھ اسمبلی کو پچاس کروڑ روپے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔ نادیہ خان نے 30 جنوری کو بتایا تھا کہ وہ شرمیلا کو اپنے خلاف توہین آمیز کلمات کہنے پر 50 کروڑ روپے ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیج رہی ہیں۔
