خیبرپختونخوا سے فتنۃ الہندوستان کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے ، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ "فتنۃ الہندوستان” کے زیرِ اثر دہشتگرد پاکستان کی یکجہتی اور امن کے دشمن ہیں اور ان درندہ صفت عناصر کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔
لاہور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ وہ پاکستان کی زمین سے فتنۃ الہندوستان کا مکمل خاتمہ کر کے رہیں گے اور بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کسی طور کامیاب نہیں ہوں گے۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتِ حال اور حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر تفصیلی تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز اور پاک-افغان سرحدی صورتحال پر گفتگو کی۔ گورنر نے ملک و قوم کے دشمن عناصر کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو ناگزیر قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پائیدار امن کے قیام میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کی تعریف کی اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے صوبے کی عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری کی ستائش کی اور کہا کہ وفاق خیبرپختونخوا میں امن و امان اور انسدادِ دہشتگردی کے لیے بھرپور تعاون فراہم کر رہا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ امن کے خواہاں ہیں اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے امن کا قیام لازمی ہے، اسی لیے دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز وقت کی ضرورت ہیں۔
