پاکستانیوں کی بھابھی ثانیہ مرزا کا ٹینس چھوڑنے کا فیصلہ

پاکستانی کرکٹ سٹار شعیب ملک کی اہلیہ ہونے کے ناطے پاکستانیوں کی بھابھی کہلانے والی بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بالآخر ٹینس کا میدان چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ثانیہ مرزا نے اعلان کیا ہے کہ وہ انجریز کے باعث رواں سیزن کے آخر میں ٹینس کے کھیل سے ریٹائر ہوجائیں گی۔
آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں پریس کانفرنس کے دوران ثانیہ مرزا نے کہا کہ ‘میں فیصلہ کرچکی ہوں کہ یہ میرا آخری سیزن ہوگا، کیونکہ یہی میری خواہش ہے۔ ثانیہ مرزا کے والد نے بھی ان کی ریٹائرمنٹ کی منصوبہ بندی کی تصدیق کی۔ ٹینس اسٹار نے کہا کہ میں ابھی محسوس کررہی ہوں کہ میں اور کچھ عرصہ بھی کھیل سکتی ہوں لیکن اس سیزن کے بعد میں نہیں سمجھتی کہ میں ایسا کرپاؤں گی’۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 35 سالہ ثانیہ مرزا کو بھارت کی عظیم خاتون ٹینس کھلاڑی قرار دیا گیا تھا حالا کہ وہ آسٹریلین اوپن کے ڈبلز کے پہلے مرحلے میں یوکرین کی نادیا کیچونوک کے ہمراہ شکست کھا گئیں۔ ٹینس کے ڈبلز مقابلوں میں 6 گرینڈ سلیم جیتنے والی ثانیہ مرزا آسٹریلین اوپن میں امریکا کے راجیو رام کے ساتھ مکسڈ ڈبلز میں حصہ لے رہی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان
ثانیہ مرزا نے آخری مرتبہ گزشتہ برس ستمبر میں اوسٹراوا اوپن میں چین کی ژینگ شوائی کے ساتھ ڈبلز کا ٹائٹل حاصل کرلیا تھا۔ بھارتی ٹینس اسٹار نے کہا کہ انجریز اور اہل خانہ کی وجہ سے کیریئر مختصر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘مجھے احساس ہے کہ ریکوری میں بڑا وقت لگ رہا ہے، اپنے تین سالہ بیٹے کے ساتھ بہت زیادہ سفر کر کے میں ان کو خطرے میں ڈال رہی ہوں، اس حوالے سے مجھے سوچنا ہے’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘آج گھٹنے میں واقعی تکلیف ہورہی تھی، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اس کی وجہ سے ہارے بلکہ میں سمجھتی ہوں کہ ریکور ہونے میں وقت لگ رہا ہے اور میری عمر بڑھ رہی ہے۔
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا 2005 میں اپنے آبائی شہر حیدرآباد میں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئی تھیں اور اسی دوران یوایس اوپن کے چوتھے مرحلے تک رسائی کی تھی۔
ٹینس اسٹار 2007 میں خواتین کی سرفہرست 30 خواتین کھلاڑیوں میں شامل ہو گئی تھیں۔ ثانیہ مرزا کو کلائی کی انجریز کے باعث ڈبلز پر توجہ دینا پڑی اور سوئٹزرلینڈ کی عظیم کھلاڑی مارٹینا ہنگیز کے ساتھ جوڑی میں تین گرینڈ سلیم حاصل کیا۔
