کنگ خان کی فلم پٹھان کی دو دنوں میں ڈبل سینچری

بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ کہلانے والے اداکار شاہ رخ خان کی فلم ’’پٹھان‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی دو روز میں جہاں دو سو 25 کروڑ کا بزنس ریکارڈ قائم کیا وہیں یہ فلم بینوں کے کڑے جائزے میں بھی رہی، اس فلم کے کئی پہلوؤں کو لے کر ان کے حوالے سے بات کی جا رہی ہے، بڑے پردے پر دکھائے جانے سے پہلے ہی یہ فلم بحث کا موضوع بن گئی تھی۔فلم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس کا شمار 2023 کی سپر ہِٹ فلموں میں ہو سکتا ہے اگرچہ بعض ناقدین نے فلم کی کہانی پر اعتراضات اٹھائے ہیں تاہم کئی فینز نے کہا ہے کہ سینما گھروں میں ایک بار پھر شاہ رُخ چھا گئے ہیں، فلم تجزیہ کار شبھرا گپتا نے انڈین ایکسپریس میں لکھا کہ بالی وڈ اِز بیک، شاہ رُخ از بیک یعنی بالی اور شاہ رُخ خان دونوں کی اس فلم سے واپسی ہوئی ہے۔
فلم میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہیم بھی نمایاں کرداروں میں ہیں مگر پٹھان کا مرکزی کردار شاہ رُخ نبھاتے ہیں جو انڈیا کے خلاف شدت پسندی کا حملہ روکنے کیلئے انٹیلی جنس مشن پر ہے، فلم کا ٹریلر ہی یوٹیوب پر پانچ کروڑ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے، فلم تجزیہ کار ترن آدرش نے بتایا ہے کہ فلم کو دنیا بھر کی آٹھ ہزار سکینز پر ریلیز کیا گیا۔ یہ کسی بالی وڈ فلم کے لیے سب سے بڑی اوپننگ ہے۔یش راج فلمز کے مطابق پٹھان نے پہلے روز ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز ہو کر ایک سو چھ کروڑ روپے کمائے جو کہ ’ہندی سینما کی تاریخ میں سب سے بڑی اوپننگ ہے، انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ یہ ’کسی بھی ہندی فلم کے لیے سب سے بڑی اوپننگ ہے۔ وہ بھی تب جب اس روز کوئی چھٹی نہیں تھی اور نہ ہی یہ کسی بڑی فلم کا سیکوول تھا۔
سینما مالکان نے کہا ہے کہ فلم کی مانگ اس قدر زیادہ تھی کہ انھیں اضافی شوز کا بندوبست کرنا پڑا ہے جبکہ پری بکنگ کے باعث بہت سے شائقین بدستور ٹکٹوں سے محروم ہیں، بُدھ کو شاہ رخ نے خود ٹویٹ میں کہا کہ شمالی انڈیا میں پٹھان کی سکریننگ کیلئے 25 سنگل سکرین سینما گھر کھولے گئے ہیں جو کووڈ 19 کے دوران بند ہوئے تھے۔نہ صرف یہ بلکہ پٹھان نے ایڈوانس بُکنگ میں بھی اپنی نوعیت کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ ٹکٹنگ پلیٹ فارم بُک مائی شو نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ فلم پر عوام کا ردعمل بے مثال ہے اور انھوں نے پیر تک ہی 10 لاکھ سے زیادہ ٹکٹ کی ایڈوانس بکنگ کر دی تھی۔
ایک فلمی ناقد کا کہنا ہے کہ آج انڈین سینما کے لیے پٹھان وہ ہیرو ہے جس کی اسے ضرورت ہے۔ انھوں نے لکھا کہ ’رومانوی ہیرو کی جگہ ایک سمجھدار اور سخت انسان نے لی ہے جو ہر صورت اپنی ذمہ داری نبھانا چاہتا ہے، بعض لوگوں کا خیال ہے کہ فلم کے کچھ حصہ ناقابل سمجھ افسانہ ہیں۔فلم کے پروڈکشن ہاؤس یش راج فلمز نے کہا ہے کہ انڈیا میں فلم کے ہندی ورژن نے پہلے دن 56 کروڑ جبکہ دیگر زبانوں نے دو کروڑ کمائے جبکہ غیر ملکی سکرینز پر اس نے قریب 36 کروڑ کمائے، یوں پہلے روز 106 کروڑ کی کمائی سے اس نے ماضی کی تمام ہندی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
شاہ
رخ خان کے قریبی سمجھے جانے والے فلمساز کرن جوہر نے 100 کروڑ عبور کرنے پر پٹھان کی پوری ٹیم کی تعریف کی ہے، انھوں نے شاہ رخ، دیپیکا، جان ابراہیم اور یش راج فلمز کو مبارکباد دی۔ اسی طرح کمل حسن نے بھی پٹھان کی ٹیم کو داد دی ہے، فلم کا ٹریلر اور گانے آنے کے بعد سے ہی اس پر تنازع شروع ہو گیا تھا اور بدھ کو سکریننگ کے دوران بھی بعض مقامات پر ہنگامے ہوئے۔کرناٹک میں فلم کی سکریننگ روکنے اور پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 30 افراد کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا، ہریانہ میں بھی ایک دائیں بازو کے گروہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس نے مال میں پٹھان کے پوسٹر پھاڑے تھے۔
